کراچی آپریشن سے امن وامان میں بہتری آئی ‘شرپسندوں کو دوبارہ سرنہیں اٹھانے دینگے:وزیراعظم

Umer Jamshaid عمر جمشید پیر 7 دسمبر 2015 16:52

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔07 دسمبر۔2015ء) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ کراچی آپریشن سے حالات میں بہتری آئی‘کوئی بھی حکومت امن و امان پر سمجھوتہ نہیں کرسکتی‘ کراچی آپریشن آٹھ سال قبل شروع ہوجانا چاہئے تھا ، ماضی میں اس پر کسی نے توجہ نہیں دی‘کراچی میں بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ‘ اغواء برائے تاوان کے واقعات میں نمایاں طور پر کمی آئی‘ کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہورہا ہے‘ کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے ہمیں تمام پہلوؤں کا جائزہ لینا ہوگا‘ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے دیکھنا ہوگا کہ شرپسند عناصر وسائل کہاں سے حاصل کررہے ہیں۔

وہ پیر کو گورنر ہاؤس کراچی میں امن و امان کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان‘ وزیر دفاع خواجہ آصف‘ آرمی چیف جنرل راحیل شریف‘ گورنر و وزیراعلیٰ سندھ ‘ ڈی جی آئی ایس آئی‘ ڈی جی آئی ایس پی آر‘ کور کمانڈر کراچی‘ ڈی جی آئی بی‘ چیف سیکرٹری سندھ ‘ آئی جی سندھ‘ سیکرٹری داخلہ سندھ‘ ڈی جی رینجرز سندھ اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس میں کراچی میں جاری آپریشن ‘ رینجرز کی مدت میں توسیع سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نواز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ستمبر 2013 میں کراچی آپریشن شروع کیا۔ کراچی آپریشن کا فیصلہ اتفاق رائے سے کیا گیا جس میں سیاسی جماعتوں کے رہنما‘ کاروباری حضرات اور دوسرے اہم فریقوں نے بھی شرکت کی۔ تفصیلی غور کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ شہر میں بڑا آپریشن شروع کیا جانا چاہئے۔

کراچی آپریشن کا ہدف شہر قائد میں امن کی بحالی ہے۔ کراچی آپریشن کے مقاصد واضح ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ امن و امان کی بحالی کے لئے رینجرز‘ پولیس اور انٹیلی جنس اداروں کا کردار قابل تعریف ہے ہمیں کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے تمام پہلوؤں کا جائزہ لینا ہوگا۔ کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے اہداف کے حصول کو مدنظر رکھنا پڑ ے گا۔ ہمیں اس بات کا بھی جائزہ لینا ہوگا کہ شرپسند عناصر کو وسائل کہاں سے ملتے ہیں۔ کراچی آپریشن میں وفاق نے صوبائی حکومت اور سکیورٹی اداروں کو مکمل تعاون فراہم کیا۔ شرپسند عناصر کو دوبارہ سر اٹھانے سے روکنے کے لئے موثر اقدامات پر توجہ دینا ہوگی۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں