پاک فضائیہ کا انسداد دہشت گردی میں انتہائی اہم کردار ہے، پاک فضایئیہ کی تاریخ اس کے اہلکاروں کی دلیرانہ مثالوں سے بھری پڑی ہے جنہوں نے ملک کی فضائی سرحدوں کی حفاظت کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، وزیراعظم محمد نواز شریف کا سونمیانی رینج میں پاک فضائیہ کے فائٹر طیاروں کی طرف سے فائر پاور کے مظاہرہ کے موقع پر خطاب

پیر 7 دسمبر 2015 19:32

کراچی ۔ 07 دسمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔07 دسمبر۔2015ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے آپریشن ضرب عضب اور دہشت گردوں کے خلاف دیگر کارروائیوں میں پاک فضائیہ کے ایئر مینز اور خواتین اہلکاروں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فضائیہ کا انسداد دہشت گردی میں انتہائی اہم کردار ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پیر کو یہاں کراچی کے نزدیک سونمیانی رینج میں پاک فضائیہ کے فائٹر طیاروں کی طرف سے فائر پاور کے مظاہرہ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وزیراعظم نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ پاک فضائیہ پاک فوج کے ساتھ قریبی رابطہ میں رہ کر کام کر رہی ہے جسے انتہائی دشوار گزار علاقوں میں تعینات کیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک کو درپیش خطرات روایتی نہیں ہیں تاہم ہماری مسلح افواج چیلنجوں سے نمٹنے اور قومی خود مختاری کے تحفظ کیلئے انتہائی تربیت یافتہ اور ہر وقت تیار ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ دنیا نے امن برقرار رکھنے کیلئے پاکستان کے کردار کا اعتراف کیا ہے اور داخلی اور خارجہ پالیسی میں اس سلسلہ میں اختیار کئے جانے والے تسلسل کو سراہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی لعنت ختم کرنے کیلئے ہمارے قومی عزم کو بھرپور طریقہ سے تسلیم کیا گیا ہے اور اس کا عالمی سوسائٹی میں احترام کیا جا رہا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ پاک فضائیہ کے فائر پائلٹس کی طرف سے فائر پاور کے مظاہرہ سے انتہائی متاثر ہوئے ہیں اور یہ مظاہرہ جنگی مہارت، تیاری اور اپنے کام سے لگن کا مظہر ہے۔

وزیراعظم نے پاک فضائیہ کے سربراہ کو انٹر سکواڈرن مقابلہ کی کامیاب تکمیل پر مبارکباد دی جس میں پاک فضائیہ کے سکواڈرنز نے اپنی شاندار اور بے مثال مہارت کا مظاہرہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاک فضایئیہ کی تاریخ اس کے اہلکاروں کی دلیرانہ مثالوں سے بھری پڑی ہے جنہوں نے ملک کی فضائی سرحدوں کی حفاظت کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ کے ہیروز کی بے مثال دلیری اور حوصلہ ہمیشہ سے قوم کا فخر ہے، آج کے فضائی مظاہرے سے اسی طرح کی لگن اور جذبہ نظر آیا ہے جس کا مظاہرہ ایم ایم عالم، رفیقی اور پاک فضائیہ کے دیگر افسران کیا کرتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ بہت سے بیرونی اور داخلی چیلنجوں کے باوجود پاکستان مضبوط ہو رہا ہے اور مشکل اوقات سے نکل رہا ہے، انشاء اللہ پاکستان خطہ میں جلد ایک مضبوط اور خوشحال قوم کے طورپر سامنے آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ فضائی قوت کی اہمیت اور سٹریٹجک مقاصد کے حصول میں اس کا کردار موجودہ دور میں کئی گنا بڑھ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے فضائی مظاہرہ سے جس طرح کا جذبہ اور جوش و خروش ہمیں ہمیں نظر آیا ہے اس سے یقینی طورپر یہ کہا جا سکتا ہے کہ یہ ایک ایسی فضائیہ ہے جس کا کوئی ثانی نہیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاک فضائیہ بہت سے غیر ملکی اور مقامی اقدامات کے ذریعہ اپنے آپ کو تیزی کے ساتھ جدید بنا رہی ہے جن میں سے جے ایف تھنڈر طیاروں کا حصول بھی شامل ہے جس کی تیاری کا منصوبہ ایک قومی فخر بن گیا ہے۔ نواز شریف نے کہا کہ حکومت پاک فضائیہ کی استعداد بڑھانے کیلئے مکمل تعاون کرے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاک فضائیہ اپنی شاندار روایات کو برقرار رکھنے کیلئے اعلی ترین مہارت کے حصول کی کوششیں جاری رکھے گی۔

قبل ازیں پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان نے کہا کہ فائر پاور کا مظاہرہ پاک فضائیہ کے پائلٹس کیلئے اپنی مہارت کے مظاہرہ کا ایک بہترین موقع ہے۔ ایئر وائس مارشل مجاہد انور خان نے بھی اس موقع پر اظہار خیال کیا۔ تقریب میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور پاک فضائیہ کے افسران کے علاوہ پاکستان کی پہلی خاتون پائلٹ مریم مختیار شہید کے والدین نے بھی شرکت کی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں