کراچی آپریشن غیرسیاسی ، جرائم پیشہ عناصر کیخلاف ہے،شہر سے دہشت گردوں اور معاونین گٹھ جوڑ کا خاتمہ کردیا جائیگا،آرمی چیف

جنرل راحیل شریف کادوران اجلاس وفاقی و صوبائی حکومتوں اور اداروں کے درمیان رابطے بڑھانے ،انہیں مزید مضبوط کرنے پر زور

پیر 7 دسمبر 2015 21:59

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔07 دسمبر۔2015ء) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ کراچی آپریشن غیرسیاسی اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ہے۔ اس شہر سے دہشت گردوں اور ان کے معاونین گٹھ جوڑ کا خاتمہ کردیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو گورنر ہاؤس وزیراعظم کی صدارت میں ہونے والے امن وامان کے اجلاس میں کیا۔آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا کہ شہر میں جاری آپریشن دہشت گردوں ان کے ہمدردوں اور سہولت کاروں کے خلاف ہے، آپریشن کسی بھی سیاسی جماعت کے خلاف نہیں کیا جارہا۔

انہوں نے کہا کہ کراچی آپریشن غیر سیاسی اور بلا امتیاز ہے جو بلا تفریق جاری رہے گا۔انہوں نے کہاکہ کراچی میں امن کی بحالی کے لیے بے پناہ قربانیاں دی ہیں، شہر میں کافی حد تک امن بحال کردیا ہے اور اب کراچی کا امن دوبارہ خراب نہیں کرنے دیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فورسز کی کارروائیوں سے دہشت گردوں اور سہولت کاروں کا نیٹ ورک توڑا جاچکا ہے جب کہ اب شہر میں پائیدار امن کے لیے وفاق اور صوبائی حکومتوں میں بہتر تعاون کی ضرورت ہے۔ آرمی چیف نے اجلاس میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں اور اداروں کے درمیان رابطے بڑھانے اور انہیں مزید مضبوط کرنے پر بھی زور دیا۔ انہوں نے دوران اجلاس اس بات پربھی زور دیا کہ تمام ادارے قیام امن اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مربوط انداز میں کام کرے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں