گلوکارہ رونا لیلیٰ کے کیرئیر کا آغاز غزل گائیکی سے ہوا

1972 میں پاکستانی فلم ’من کی جیت‘ میں ان کے بے مثال گانے ’میرا بابو چھین چھبیلا‘ نے انہیں بام عروج پر پہنچایا

منگل 8 دسمبر 2015 11:28

گلوکارہ رونا لیلیٰ کے کیرئیر کا آغاز غزل گائیکی سے ہوا

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 دسمبر۔2015ء) گلوکارہ رونا لیلیٰ نے پاپ سے لے کر صوفیانہ کلام تک ہر قسم کے گانے گائے، مگر ان کے کیرئیر کا آغاز غزل گائیکی سے ہوا۔رونا لیلیٰ نے 14 سال کی عمر میں پہلی بار 1966 کی پاکستانی فلم ’ہم دونوں‘ میں ’ان کی نظروں سے محبت‘ نامی گانے کو اپنی خوبصورت آواز دی، اس گانے کی کامیابی سے اس نوعمر گلوکارہ کی ترقی کا واضح پیغام سامنے آیا جبکہ ان کی آواز کی پختگی نے رونا لیلیٰ کو تجربہ کار گلوکارائیں جیسے نورجہاں کے برابر لاکھڑا کیا۔

۔1972 میں پاکستانی فلم ’من کی جیت‘ میں ان کے بے مثال گانے ’میرا بابو چھین چھبیلا‘ نے انہیں بام عروج پر پہنچا کر برصغیر کی بہرین گلوکاراوٴں میں سے ایک بنا دیا۔

(جاری ہے)

اس انتہائی مقبول گیت کو سال 1985 کی ہندی فلم ’گھر دیور‘ میں بھی شامل کیا گیا تھا۔بنگلادیش کے شہر سہلٹ میں 1952 میں پیدا ہونے والی رونا لیلیٰ کو ان کے والدین نے رقص کی تربیت دی تھی اور ان کا گلوکاری کی جانب آنا حادثاتی تھا، لیلیٰ نے اپنے ایک انٹرویو میں بتایا کہ ’جب میں بھرت ناٹیم اور کتھک سیکھ رہی تھی، اس وقت میری بڑی بہن کلاسیکل موسیقی سیکھ رہی تھی، میں نے اس سے زیادہ تر چیزیں سیکھ لیں، پھر میری بہن کی ٹیچر نے مجھے بھی گائیکی سکھانے کا فیصلہ کیا، میرے والد صاحب کراچی میں سرکاری نوکری کرتے تھے میں اور میری بہن کراچی میں اسکول جاتے تھے جہاں میری بہن نے اسکول کی طرف سے انٹر اسکول گائیکی کے مقابلے میں حصہ لیا، مقابلے کے روز دینا کا گلہ بری طرح خراب ہوگیا، تو میرے والدین نے اس کی جگہ مجھے مقابلے میں بھیج دیا، اور میں مقابلہ جیت گئی۔

لیلیٰ نے 1974 میں ہندوستان آنا جانا شروع کیا، اور وہ بہت سے میوزک کمپوزرز کے ساتھ کام کرنے والی تھیں، موسیقار جے دیو کو ان کی آواز نے بہت متاثر کیا مگر لتامنگیشکر اور آشا بھوسلے نے مداخلت کی کیونکہ اس وقت انڈسٹری کی خواتین گلوکاری کے میدان میں ان کی ہی اجارہ داری تھی. جے دیو نے لیلیٰ کو انڈین سرکاری ٹیلیویڑن میں گانے کا موقع دیا جس کے بعد 1977 کی ایک فلم ’گھروندہ‘ میں بھی دو گانوں کو ان کی آواز دی گئی ، جو کہ بہت مشہور ہوئے۔

انواع اقسام کے مختلف تجربات کے باوجود غزل ہمیشہ لیلیٰ کے دل کے قریب رہی، ایک دن میں سب سے زیادہ غزلیں ریکارڈ کرانے کا گینیز ورلڈ ریکارڈ رونا لیلیٰ کے نام ہے۔لیلیٰ کا فلم فئیر کو دیے ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ ’کونکورڈ ریکارڈ والے چاہتے تھے کہ میں ایک البم ’غزل اور گیت‘ کے نام سے ریکارڈ کراوٴں، جو کہ اصل میں کراچی میں ریکارڈ کی گئی تھی، ہم نے 3 دنوں میں 30 گانے ریکارڈ کیے، مجھے یاد ہے کہ دامن سود اس کے ریکارڈسٹ تھے، یہ اصل معنوں میں لائیو ریکارڈنگ نہیں تھی ہم نے بیچ میں وقفے لیے تھے مگر اس کو لائیو میوزک کے ساتھ ریکارڈ کیا تھا‘۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں