پی آئی اے کی نجکاری پر پارلیمنٹ حزب اختلاف کی جماعتوں کا احتجاج درست اقدام ہے، رانا محمود علی خان

حکمراں پی آئی اے کی نجکاری سے باز نہ آئیں تو محنت کش پارلیمنٹ کا گھیراؤ کریں گے،پی آئی اے کی نجکاری محنت کشوں کا معاشی قتل عام ہے

منگل 8 دسمبر 2015 22:53

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 دسمبر۔2015ء) حکومت پی آئی اے کی نج کاری کا آرڈیننس فی الفور واپس لے۔ قومی اسمبلی کی موجودگی میں آرڈیننس کا اجراء ایوان کی توہین ہے۔ آئی ایم ایف کے اشاروں پر قومی اداروں کی نج کاری کی جارہی ہے۔ نیشنل لیبر فیڈریشن پوری قوت کے ساتھ پی آئی اے کی نجکاری کے خلاف احتجاج کرے گی۔ پی آئی اے قومی اثاثہ ہے۔

کسی قیمت پر پی آئی اے کی نج کاری نہیں ہونے دیں گے۔ پی آئی اے کی نجکاری ملک وقوم کیلئے تباہ کن اور مزدور دشمن ثابت ہوگی۔ یہ بات نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے صدر رانا محمود علی خان نے نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے، پاکستان اسٹیل سمیت68قومی اداروں کو حکومت نجکاری کی بھینٹ چڑھانا چاہتی ہے اور اربوں روپے مالیت کے زمین اور اثاثوں کو اونے پونے داموں فروخت کرکے ہماری آزادی اور سالمیت کو داؤ پر لگایا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں حزب اختلاف کی جماعتوں کا پی آئی اے کی نجکاری کے خلاف ہونے والا احتجاج اور واک آؤٹ مزدوروں کی آواز ہے۔ حزب اختلاف کی جماعتوں نے پی آئی اے کی نجکاری پر جو احتجاج کیا۔ اس پر پوری مزدور برادری انہیں خراج تحسین پیش کرتی ہے اور اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ محنت کش اپنے حقوق کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ حکمراں پی آئی اے کی نجکاری سے باز نہ آئے تو محنت کش اسمبلی اور پارلیمنٹ کا گھیراؤ کریں گے اور مزدور اسلام آباد میں دھرنا دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ محنت کش سڑکوں پر نکلنے کو تیار ہوجائیں۔ قومی اداروں کی نجکاری محنت کشوں کا معاشی قتل عام ہے ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں