آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو کے درمیان دبئی میں ملاقات، رینجرز کے اختیارات میں توسیع سے متعلق تبادلہ خیال

11دسمبر کو سندھ اسمبلی اجلاس میں رینجرز کے حوالے سے بل پیش کیا جائے گا،ایم کیو ایم کا توسیع کے بل پر حمایت کرنے کا عندیہ

منگل 8 دسمبر 2015 22:54

کراچی/ دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 دسمبر۔2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے درمیان دبئی میں ملاقات ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں کراچی میں رینجرز کے اختیارات میں توسیع اور سندھ میں رینجرز کو تعینات کرنے کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ ملاقات میں پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی اور شعبہ خواتین کی صدر فریال تالپور بھی موجود تھیں۔

ملاقات کے دوران آصف علی زرداری نے بلاول بھٹو زرداری کو بلدیاتی انتخابات کے دوران مہم چلانے پر مبارکباد بھی پیش کی۔ ذرائع نے بتایا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں رینجرز کی سندھ میں مشروط تعیناتی پر وزیراعلیٰ سندھ کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے سندھ اسمبلی کا اجلاس 10 دسمبر کو طلب کرلیا گیا ہے۔

10 دسمبر کو ہونے والے اجلاس میں پیپلز پارٹی کے مرحوم رکن سندھ اسمبلی جمیل بھرگڑی کے لئے دعائے مغفرت کی جائے گی۔ بعد ازاں اجلاس کو 11 دسمبر تک کے لئے ملتوی کردیا جائے گا۔ 11 دسمبر کو اجلاس میں رینجرز کے حوالے سے بل پیش کیا جائے گا۔ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) نے رینجرز کے اختیارات میں توسیع کے بل پر حمایت کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ ایم کیو ایم ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کو رینجرز کی جانب سے گرفتاریوں پر تحفظات ہیں۔ اس کے باوجود بل کی حمایت کی جائے گی۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ اگر بل پر اسمبلی میں بحث ہوئی تو رینجرز کی جانب سے گرفتار کرکے ظاہر نہ کرنے کے حوالے سے بات چیت کی جائے گی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں