اقوام متحدہ دنیا کے کسی بھی ملک میں ذات پات، نسلی تعصب ،مذہب کو بنیاد بنا کر کسی انسان کے حقوق کی پامالی نہ ہونے کو یقینی بنائے، نفیسہ شاہ، شاہدہ رحمانی

جمعرات 10 دسمبر 2015 22:21

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 دسمبر۔2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی ہیومن رائٹس سیل کی مرکزی کوآرڈینیٹر ایم این اے ڈاکٹر نفیسہ شاہ اور کراچی کی انچارج ایم این اے ڈاکٹر شاہدہ رحمانی نے انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر ایک مشترکہ بیان میں سال 2015 میں دنیا بھر میں ذات پات، مذہب اور نسلی تعصب کی بنیاد پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی ضمیر بالخصوص اقوام متحدہ سے اپیل کی ہے کہ وہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ دنیا کے کسی بھی ملک میں ذات پات، نسلی تعصب اور مذہب کو بنیاد بنا کر کسی بھی انسان کے حقوق کی پامالی نہ ہونے پائے۔

پاکستان پیپلز پارٹی میڈیا سیل سندھ سے جاری ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ پاکستان بھی انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیوں کی زد میں رہا ہے اور زبان ، مذہب اور سیاسی تعلق کی بنیاد پر عوام کے حقوق پامال کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

خاص طور پر بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی، جبری مشقت اور خواتین کے ساتھ امتیازی سلوک اور کام کی جگہوں پر جنسی طور پر ہراساں کئے جانے اور گھریلو تشدد کے واقعا ت میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان کو اقلیتوں، بچوں اور خواتین کے لیے محفوظ اور آئیڈیل ملک بنانے کے لیے وسیع بنیادوں پر قانون سازی اور عوام میں آگاہی پھیلانے کی اشد ضرورت ہے۔ انھوں نے خاص طور پر عرب دنیا میں انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیوں، بادشاہی آمریت اور انصاف کے تقاضوں کو پورا نہ کرنے پر شدید تحفظات کا بھی اظہار کیا۔انھوں نے مغرب میں مسلمانوں کے ساتھ مذہبی اور نسلی تعصب کی بنیاد پر پر تشدد کارروائیوں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بھی کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں