آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی آٹھویں عالمی اردو کانفرنس کے تیسرے دن بھی تین کتابوں کی رونمائی ہوئی

جمعرات 10 دسمبر 2015 23:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 دسمبر۔2015ء) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی آٹھویں عالمی اردو کانفرنس کے تیسرے دن بھی تین کتابوں کی رونمائی ہوئی۔جن میں انور شعور ’ کلیات انور شعور‘صابر ظفر کی کتاب ’مذہب عشق‘ اور پی ٹی وی کے سابق ایم ڈی اختر وقار عظیم کی کتاب’ہم بھی وہیں موجود تھے‘ شامل ہیں۔رونمائی کی صدارت سنیئر صحافی فہاد زیدی نے کی ۔

انہوں نے اس موقع پر اپنی صدارتی تقریر میں اختر وقار عظیم کی کتاب کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ کتاب اختر وقار عظیم کے پاکستان ٹیلی ویژن سے طویل تعلق کی روداد ہے۔جس میں بہت سے پس پردہ واقعات بھی نمایاں ہیں۔اس موقع پر انہوں نے کتاب میں لکھے گئے وزیراعظم بے نظیر بھٹو ،وزیر اعظم محمد خان جونیجو اور وزیر اعظم نواز شریف کے بارے میں پس پردہ دلچسپ واقعات سنائے ۔

(جاری ہے)

نامور ڈرامہ نگار حسینہ معین نے کہا کہ اس کتاب کو سوانح عمری بھی کہا جاسکتا ہے اور پی ٹی وی کی تاریخ بھی۔یہ پہلی کتاب ہے جس میں پاکستان ٹیلی ویژن اور اس کے بانیوں کے ساتھ انصاف کیا گیا ہے۔یہ وہ کتاب ہے جو ٹیلی ویژن کے اندر کو آپ کے سامنے لاتی ہے۔صاحب کتاب اختر وقار عظیم نے کہا کہ یہ کتاب نہ تو سوانح عمری ہے اور نہ ہی ٹیلی ویژن کی تاریخ ہے میں اس کتاب میں اپنے کچھ خواشگوار تجربات اور واقعات کو قلمبند کیا ہے۔

نامور شاعرانور شعور کی کتاب میں ’کلیات انور شعور‘کے بارے میں ڈاکٹر فاطمہ حسن نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اس کتاب میں انور شعور کی تمام غزلیں ایک جگہ جمع ہوگئی ہیں۔انور شعور ایک ایسے غزل گو ہیں جو اپنے معاصرین سے منفردہیں وہ اپنی شاعری میں فرقہ ملامت کے آدمی نظر آتے ہیں۔ان کی شاعری میں امید اور ناامیدی دونوں نظر آتے ہیں ۔

صابر ظفر کے مجموعہ کلام مذہب عشق کے بارے میں ڈاکٹر پیرزادہ قاسم نے کہا کہ صابر ظفر وہ واحد شاعر ہیں جن کے کلام میں پاکستان میں بولی جانے والی تمام زبانوں کے الفاظ ملتے ہیں۔یہ کمال کے شاعر ہیں اور ان کی کتاب مذہب عشق میں ان کی 1974سے لے کر 2000تک کی شاعری شامل ہے۔جو 10مجموعہ غزل پر مشتمل ہے اور اب تک صابر ظفر کی 37کتابیں شائع ہو چکی ہیں۔ان کانام شعری منظر نامے میں ایک ناقابل تردید حقیقت کی طر ح جگمگا رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں