سیمنٹ کی مقامی فروخت میں اضافہ، برآمدات کم ہو رہی ہیں،سینیٹر حاجی غلام علی

گزشتہ سال کے مقابلے میں سیمنٹ کی مقامی فروخت میں 15.64 فیصد اضافہ ہوا ہے ،میاں زاہد حسین

جمعہ 11 دسمبر 2015 18:59

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔11 دسمبر۔2015ء) سابق صدرایف پی سی سی آئی، بزنس مین پینل خیبر پختونخواہ کے صدراور صدارتی امید وارسینیٹر حاجی غلام علی اورپاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر، بزنس مین پینل کے فرسٹ وائس چیئر مین ، سابق صوبائی وزیر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ سیمنٹ کی برآمدات میں کمی آئی ہے جبکہ مقامی فروخت میں اضافہ ہوا ہے۔

موجودہ مالی سال کے ابتدائی چار ماہ میں گزشتہ سال کے مقابلے میں سیمنٹ کی مقامی فروخت میں 15.64 فیصد اضافہ ہوا ہے ۔پہلے عشرے میں 14.77 ملین ٹن سیمنٹ فروخت کی گئی جبکہ گزشتہ سال 14 ملین ٹن سیمنٹ فروخت کی گئی تھی۔گزشتہ ماہ مقامی منڈی میں 2.8 ملین ٹن سیمنٹ فروخت ہوئی جبکہ گزشتہ سال نومبر میں 2.3 ملین ٹن سیمنٹ فروخت ہوئی تھی۔

(جاری ہے)

گزشتہ سال نومبر میں 0.66 ملین ٹن سیمنٹ برآمد ہوئی تھی جو امسال گر کر 0.55 ملین ٹن رہ گئی۔

سینیٹر حاجی غلام علی اور میاں زاہد حسین نے یہاں جاری ہونے والے مشترکہ بیان میں کہا کہ مغربی ممالک میں آلودگی میں کمی کیلئے کیئے جانے والے اقدامات میں کوئلے کا استعمال کم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ دنیا میں سب سے زیادہ کوئلہ استعمال کرنے والے ملک چین میں اسکی حوصلہ شکنی کی وجہ سے قیمتوں میں بیس فیصد کمی آ چکی ہے جس سے پاکستان کے سیمنٹ سیکٹر کا منافع بڑھ گیا ہے۔

بین الاقوامی مارکیٹ میں کوئلے کی قیمت 49 ڈالر فی ٹن تک گر گئی ہے جبکہ مزید کمی کا امکان ہے اسلئے سیمنٹ کی قیمت کم کر کے عوام کو اسکا فائدہ پہنچایا جاسکتا ہے۔ دس سال قبل سیمنٹ سیکٹرکی پیداوار ایک کروڑ اسی لاکھ ٹن تھی جو اب چار کروڑ پچاس لاکھ ٹن ہے جس سے آئندہ چند سال میں کل پیداوار 530 لاکھ ٹن ہو جائے گی۔پاک چین اقتصادی راہداری کی ضروریات کے مد نظر سیمنٹ کی کمپنیاں اپنی استعداد میں مزید اضافہ کریں تاکہ تعمیر و ترقی میں خلل نہ پڑے نہ سمینٹ درآمد کرنے پر قیمتی زرمبادلہ صرف کرنا پڑے۔

ایک رپورٹ کے مطابق سیمنٹ کی مقامی کھپت میں گزشتہ بیس سال کی طرح تقریباً چھ فیصد اضافہ ہو گا جبکہ برآمدات میں آئندہ سال دس فیصد کمی متوقع ہے جبکہ20 2018-20میں اس میں پانچ فیصد کمی کا امکان ہے اسلئے اسٹیک ہولڈرز کو ابھی سے نئی برآمدی منڈیاں تلاش کرناہونگی۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں