شاتم بانیان پاکستان قائم علی شاہ پر غداری کا مقدمہ قائم کیا جائے، ڈاکٹر سلیم حیدر

لیاقت علی خان دور حکومت کو کرپٹ قرار دینا قائد اعظم کی توہین ہے، چیئرمین مہاجر اتحاد تحریک

ہفتہ 12 دسمبر 2015 19:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 دسمبر۔2015ء) چیئرمین مہاجر اتحاد تحریک ڈاکٹر سلیم حیدر نے سندھی وزیراعلیٰ قائم علی شاہ کو متنبہ کیا ہے کہ وہ تین روز میں شہید ملت لیاقت علی خان کے متعلق اپنے متعصبانہ بیان کو واپس لے کر پوری قوم سے معافی مانگیں ۔ انہوں نے کہاکہ بانیان پاکستان کے متعلق ہرزہ سرائی کو قومی جرم قرار دیا جائے۔

وفاقی حکومت اس سلسلے میں قانون سازی کرے ، قائداعظم اور قائد ملت جیسے قومی رہنماؤں کی بے حرمتی اور ان پر جھوٹی الزام تراشی پر مبنی بیان بازی پر قانونی طورپر پابندی لگائی جائے۔ اور اس کے جرم کے مرتکب عناصر کو بغاوت کے مقدمات میں سزا دلوائی جائے۔ سندھی وزیراعلیٰ قائم علی شاہ کے شہید ملت لیاقت علی خان کے دور حکومت کو کرپشن کا نقطۂ آغاز کہنے کا بیان گھٹیا ذہنیت کی پیداوار اور قابل مذمت ہے۔

(جاری ہے)

ملک کے پہلے وزیراعظم لیاقت علی خان کا دور حکومت قیام پاکستان اور پہلے گورنر جنرل قائداعظم محمد علی جناح کے ساتھ شروع ہوتا ہے ۔ کرپٹ وزیراعلیٰ نے توہین قائداعظم اور قائد ملت کی ہے۔ اس شاتم بانیان پاکستان کو فی الفور گرفتار کرکے غداری کا مقدمہ قائم کیا جائے۔ ڈاکٹر سلیم حیدر نے مزید کہا کہ سندھ میں پی پی کی صوبائی حکومتیں نسل پرستی کی بنیاد پر قائم ہیں جنہوں نے ذوالفقار علی بھٹو کے دور سے لے کر آج تک سوائے کرپشن اور تعصب کے دوسرا کوئی کام نہیں کیا ہے۔

45 سالوں پر محیط پی پی کا یہ کرپشن صرف اسی صورت ختم ہوسکتا ہے کہ زرداری ٹولے کے ان حواریوں کو گرفتار کرکے سرعام سزائیں دی جائیں۔ قائم علی شاہ پر فوجی عدالت میں غداری کا مقدمہ فی الفور قائم کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہاکہ سندھی النسل سیاستدانوں نے تحریک پاکستان ، بانیان پاکستان اور مہاجروں کیخلاف دشنام درازی کو شیوا بنارکھا ہے۔ جس کی تازہ ترین مثال قائم علی شاہ کا موجود ہ بیان ہے۔ اس بیان سے ان اطلاعات کی تصدیق ہوگئی ہے کہ وہ اقتدار کے نشے کے ساتھ ساتھ کوئی نچلی درجے کا نشہ بھی کرتے ہیں جس نے ان کی عقل صلب کردی ہے۔ ان کا بیان اعلیٰ ترین وزارتی عہدے کی توہین ہے۔ جس کا اگر نوٹس نہیں لیا گیا تو شدید عوامی ردِ عمل ہوگا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں