پی ایس ایل ، جنوبی افریقہ ، آسٹریلیا کے سابق کوچ مکی آرتھر کراچی کے ہیڈ کوچ مقرر

ہفتہ 12 دسمبر 2015 20:03

پی ایس ایل ، جنوبی افریقہ ، آسٹریلیا کے سابق کوچ مکی آرتھر کراچی کے ہیڈ کوچ مقرر

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 دسمبر۔2015ء) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)میں جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ مکی آرتھرکو کراچی کی ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کردیا گیا۔کراچی ٹیم کے مالک سلمان اقبال نے مکی آرتھر کوٹیم کا ہیڈ کوچ اور سابق اسپنرمشتاق احمد کو ان کے نائب کے طورپر منتخب کرنے کا اعلان کیا۔مکی آرتھر نے جنوبی افریقی ٹیم کے ساتھ کامیابی سے ذمہ داری نبھانے کے بعد 2010-11 میں آسٹریلیا کی ایشنز کی شکست خوردہ ٹیم کی ذمہ داری سنبھالی تھی جو ٹیم کے سینئرکھلاڑیوں کے ساتھ مبینہ چپقلش کے باعث 2013-14 کے ہندوستان کے دورے کے بعد اختتام کو پہنچی تھی، ان کی جگہ آسٹریلیا کے موجودہ کوچ ڈیرن لیہمن کو مقرر کیا گیا تھا۔

مکی آرتھر جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے ساتھ کام کرنے کے بعد ویسٹ انڈیزکی کیریبیئن لیگ میں جمیکا ٹالواز اور اب بنگلہ دیش پریمئرلیگ میں ڈھاکا کی ٹیم کی کوچ کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں اس کے علاوہ جنوبی افریقہ کی ڈومیسٹک ٹیموں ایسٹرن کیپ اور آسٹریلیا میں جنوبی آسٹریلیا کے ساتھ بھی کام کیا۔قبل ازیں پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل کے ابتدائی ٹورنامنٹ کے لیے پانچ ٹیموں کو مجموعی طورپر 93 ملین ڈالر میں دس سال کے عرصے کے لیے فروخت کیا تھا۔

پی ایس ایل میں کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ پر مشتمل 5 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ٹیموں کی نیلامی میں سلمان اقبال نے کراچی کی ٹیم اور کراچی کے عمر ایسوسی ایٹس نے کوئٹہ کی ٹیم حاصل کی تھی جبکہ قطر آئل نے لاہور، لیونائن گلوبل اسپورٹس نے اسلام آباد اور جاوید آفریدی نے پشاور کی ٹیم کے حقوق خریدے تھے۔پی سی بی نے قومی اور بین الاقوامی کھلاڑیوں سمیت 308 کھلاڑیوں کو نیلامی کے عمل کا حصہ بنایا ہے اور حتمی ڈرافٹنگ 21 اور22 دسمبر کوہوگی۔

پی سی بی نے جن غیر ملکی کوچز کو معاہدے کے تیار کرنے کا اعلان کیا تھا ان میں جنوبی افریقہ کے مکی آرتھر، گراہم فورڈ، رے جیننگز اور ایرک سیمنز، آسٹریلیا کے اسٹورٹ لا، شین جرگنسن اور ڈیرن بیری، ہندوستان سے روبن سنگھ، ویسٹ انڈیز کے اوٹس گبسن اور گورڈن گریننج، سری لنکا کے چمنداواس، انگلینڈ کے اینڈی مولز اور کرس ایڈمز جبکہ پاکستان کے محمد اکرم اور عبدالرحمٰن شامل ہیں۔

پی ایس ایل کا انعقاد4 فروری سے 23 فروری 2015 تک دبئی اور شارجہ میں ہوگی۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں