رینجرز کے اختیارات،وفاقی اور سندھ حکومت کے درمیان کشیدگی ختم ہونے کے امکانات پیدا ہوگئے

قائم علی شاہ نے (کل) قرارداد سندھ اسمبلی کے اجلاس کے ایجنڈے میں شامل کرنے کی ہدایت کردی

اتوار 13 دسمبر 2015 12:31

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 دسمبر۔2015ء) وفاقی اور سندھ حکومت کے درمیان رینجرز کے اختیارات سے متعلق کشیدگی ختم ہونے کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے (کل) پیر کو اس حوالے سے قرارداد سندھ اسمبلی کے اجلاس کے ایجنڈے میں شامل کرنے کی ہدایت کردی ہے۔اطلاعات کے مطابق رینجرزکے اختیارات سے متعلق قرارداد سندھ اسمبلی کے ایجنڈے میں شامل ہوگئی ہے اورسندھ اسمبلی سے رینجرز کے قیام کو جولائی تک بڑھانے کی توثیق کی جائے گی۔

یاد رہے کہ رینجرز کے اختیارات کا معاملہ ایک ہفتہ سے زیرالتواء ہے اور اس معاملہ پر وفاقی وزیرداخلہ چودھری نثاراور سندھ کے مشیر اطلاعات مولابخش چانڈیو نے دھواں دھار قسم کی پریس کانفرنسیں بھی کی ہیں۔

(جاری ہے)

وزیرداخلہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاتھا کہ سندھ حکومت رینجرز کو متنازع نہ بنائے، ڈاکٹر عاصم کی خاطر ادارے کی تضحیک کی جا رہی ہے۔

رینجرز کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، ضرورت پڑی تو ڈاکٹر عاصم کی ویڈیو سامنے لاؤں گا۔اس پر مولابخش چانڈیو نے بھی ویڈیو سامنے لانے کا مطالبہ کیا تھا اور وزیرداخلہ پر زور دیا تھا کہ وہ جمہوری اداروں کا احترام کریں۔تازہ اطلاعات کے مطابق اس معاملہ پر پیر کوایوان میں قرارداد منظور کرانے کافیصلہ کر لیا گیا ہے اور توقع ہے کہ رینجرز کے اختیارات آج سے بحال ہو جائیں گے اور وہ ایک بار پھر کارروائیاں کرتے نظر آئیں گے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں