ہندوستان کی موجودہ حکومت کا جنگی جنون عالمی سطح پر دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف ہونے والی جدوجہد کے لیے بھی تباہ کن ثابت ہوگا ، مفتی ابوہریرہ

اتوار 13 دسمبر 2015 18:58

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 دسمبر۔2015ء) مجلس صوت الاسلام پاکستان کے چیئرمین مفتی ابوہریرہ محی الدین نے بھارت کی جانب سے سیالکوٹ سیکٹر پر بلاجواز جارحیت اور اس کے نتیجے میں معصوم شہریوں کی شہادت پر غم وغصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی اس اشتعال انگیزی اور غیر ذمہ دارانہ اقدام سے نہ صرف دونوں ممالک کے تعلقات مزید کشیدہ ہوں گے بلکہ اس کے برے اثرات پورے خطہ کے لیے تباہ کن ثابت ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لیے بھارتی رویہ ہمیشہ سے جارحانہ رہا ہے اور ہمسایہ ملک کسی قیمت پر پاکستان کو مستحکم ہوتا نہیں دیکھ سکتا اور اس کی ہمیشہ سے کوشش رہی ہے کہ پاکستان کو اندرونی سازشوں کے ذریعے استحکام اور تعمیر وترقی سے دور رکھا جائے اور یہی وہ رویہ ہے کہ جس نے دونوں ممالک کو جنگی جنون میں مبتلا کررکھا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان میں مودی حکومت کا معاندانہ رویہ پاکستان میں امن پسند لوگوں کے لیے بھی مایوس کن ہے اور اس سے جنوبی ایشیا اور پوری دنیا کے امن کو بھی شدید خطرات لاحق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی موجودہ حکومت کا جنگی جنون عالمی سطح پر دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف ہونے والی جدوجہد کے لیے بھی تباہ کن ثابت ہوگا اور اس سے پاکستان میں جاری آپریشن ضرب عضب کے لیے بھی مشکلات پیدا ہوں گی ، اس لیے ضروری ہے کہ اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی ادارے اور عالمی قوتیں ہندوستان کی اس جنگی پالیسی کا نوٹس لیں اور مودی حکومت کو مجبور کریں کہ وہ اس طرح کی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ نہ کرے اور خطے میں امن وامان کے لیے کی جانے والی پاکستانی کوششوں کا ساتھ دے تاکہ خطہ سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کا خاتمہ ہوسکے۔

انہوں نے پوری قوم سے اپیل کی کہ وہ اس نازک موقع پر تمام فروعی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر ملک کے دفاع کے لیے اپنی افواج کا بھرپور ساتھ دے اور ملک کے خلاف ہونے والی سازشوں کے خلاف اتحاد واتفاق کا مظاہرہ کرے، انہوں نے تمام متحارب گروپوں سے بھی اپیل کی کہ وہ ہتھیار پھینک کر ملک کے آئین وقوانین کو قبول کریں اور ماضی کی غلطیوں سے سبق حاصل کریں اور قومی دھارے میں شامل ہوکر دشمنوں کی تمام سازشوں کو ناکام بناکر ملک کی تعمیر وترقی میں سرگرم کردار ادا کریں۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں