اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایس ایم منیرکو فیڈریشن انتخابات میں ہرقسم کی مداخلت سے روک دیااور اسٹے آرڈرکو مستقل کردیا

اعلیٰ عدلیہ کا فیصلہ حق و سچ کی فتح ہے،حتمی فتح تک چین سے نہیں بیٹھے گے ، قبضہ گروپ کو فیڈریشن کی سیاست سے بے دخل کرکے دم لیں گے ۔میاں زاہد/شیخ منظرعالم

پیر 14 دسمبر 2015 21:26

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 دسمبر۔2015ء) اسلام آبادہائی کورٹ نے ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے سی ای اواوریونائیٹڈ بزنس گروپ کے پیٹرن ان چیف ایس ایم منیر کو ایف پی سی سی آئی کے انتخابات میں مداخلت ،فنڈ ریزنگ ،تقریبات میں شرکت اور اپنی سرکاری حیثیت کو استعمال کرنے سے منع کردیا ہے جبکہ یو بی جی کے میڈیا کنسلٹنٹ طارق خٹک اور چیف کوآرڈی نیٹر سہیل ملک کے خلاف عدلیہ کے حوالے سے جھوٹی و من گھڑت خبریں چلانے پر جمعرات 17دسمبرطلب کرلیاہے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس عامر فاروق نے فیڈریشن الیکشن میں یو بی جی کے پیٹرن ان چیف و ٹی ڈی اے پی کے سی ای او ایس ایم منیر کی مداخلت کیخلاف دائر درخواست کی سماعت کے دوران وکلاء کے دلائل سننے کے بعد ایس ایم منیر کو ایف پی سی سی آئی کے انتخابات میں کسی بھی قسم کی مداخلت سے منع کردیا ہے جبکہ فنڈ ریزنگ ،تقریبات میں شرکت اور اپنی سرکاری حیثیت کو استعمال کرنے سے روک کردیا ہے۔

(جاری ہے)

عدالت نے یو بی جی کے چیف کوآرڈی نیٹر سہیل ملک اور میڈیا کنسلٹنٹ طارق خٹک کیخلاف گزشتہ سماعت کے حوالے سے جھوٹی اور من گھڑت خبریں چلانے پر توہین عدالت کانوتس جاری کرتے ہوئے17دسمبرکوطلب کرلیا ہے ۔سماعت کے دوران بزنس مین پینل کی طرف سے سپریم کورٹ کے سینئر وکیل جسٹس (ر) مشتاق احمد خان نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ایس ایم منیر ایک پبلک آفس ہولڈر ہے جو سرکاری ملازم ہوتا ہے اور کوئی سرکاری ملازم کسی بھی الیکشن میں عمل دخل اور اثر و رسوخ استعمال نہیں کرسکتا ۔

انہوں نے سپریم کورٹ کے فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جس شخص کو حکومت سرکاری ملازم بھرتی اور برخاست کرتی ہے وہ سرکاری ملازم سپریم کورٹ کے فیصلے کے تحت آتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایم منیر ایف پی سی سی آئی کے انتخابات میں کسی قسم کی مداخلت ‘ ہوٹل بکنگ ‘ فنڈز ریزنگ اور تقریبات میں شرکت سمیت کسی ایک گروپ کیلئے ووٹ نہیں مانگ سکتے ۔

انہوں نے مزیدکہا کہ ایس ایم منیر حکومت کی جانب سے سی ای او ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی پوسٹ کیلئے اخبار میں دیئے گئے اشتہار میں دی گئی شرائط پربھی پورا نہیں اترتے ۔ دلائل سننے کے بعد اسلام آبائی ہائیکورٹ کے جج جسٹس عامر فاروق نے ایس ایم منیر کیخلاف دیئے گئے اسٹے آرڈر کو مستقل کرتے ہوئے ان کی تعیناتی کے بارے میں سماعت 17دسمبر تک ملتوی کردی ہے۔

میڈیاسے بات چیت میں بزنس مین پینل کے فرسٹ وائس چیئرمین میاں زاہدحسین اور ترجمان شیخ منظرعالم نے کہاکہ اعلیٰ عدلیہ کا فیصلہ حق و سچ کی فتح ہے،حتمی فتح تک چین سے نہیں بیٹھے گے اور قبضہ گروپ کو فیڈریشن کی سیاست سے بے دخل کرکے دم لیں گے ۔انہوں نے کہاکہ بزنس مین پینل نے ہمیشہ بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کیلئے جدوجہد کی ہے اوریہ جدوجہد جاری رہے گی ۔ہماراماضی گواہ ہے کہ ہم نے فیڈریشن کوکبھی بھی ذاتی تشہیرکے لیے استعمال نہیں کیا ہے ۔انشاء اﷲ 2016کا سورج ایک بار پھر بزنس مین پینل کی فتح کی نوید لے کرطلوع ہوگا۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں