پاکستان کا گوشہ گوشہ نعت رسول ﷺکی ضیاپاشیوں سے منور ہے، قمر النساء قمر

منگل 15 دسمبر 2015 16:56

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15 دسمبر۔2015ء) تنظیم فلاح خواتین کے زیر اہتمام منعقدہ 44 ویں محفل میلاد النبیﷺ تنظیم کے مرکز النساء گلشن اقبال میں منعقد ہوئی جس سے تنظیم فلاح خواتین کی سربراہ سابق رکن قومی اسمبلی قمر النساء قمر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری مغفرت کا ذریعہ حضور ﷺ کا ذکر و بیان ہے اور نبی کریمﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر جنت میں اعلیٰ مقام حاصل کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا گوشہ گوشہ نعت رسول مقبول ﷺ کی ضیاپاشیوں سے منور ہے ہماری صدی نبی کریمﷺ کی صدی ہے۔ ہر زمانہ ہمارے پیارے نبی ﷺ کا زمانہ ہے ہمیں چاہئے کہ نبی پاکﷺ کا دامن مضبوطی سے تھام لیں یہی ہماری سلامتی ، برکت و بخشش کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے قیام کا مقصد بھی ذکر رسولﷺ کی محفل ہے، کلمہ طیبہ کا ہی رشتہ تھا جس کے باعث پاکستان کا قیام عمل میں آیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج مسلم ممالک ہمارا ملک جس دہشتگردی کے حصار میں ہے اس کی وجہ اسلامی تعلیمات سے دوری اور دامن رسولﷺ سے کنارہ کشی کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے خواتین پر زور دیا کہ وہ تعلیمات نبوی ﷺ اپنے بچوں کو ہمکنار کرکے ہی ہم بھتہ خوری، دہشتگردی، اغواء برائے تاوان سے نجات حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ذکر رسول ﷺ اور محبت رسولﷺ سے ہی سرشار ہو کر ہم اللہ تعالیٰ کا قرب و خوشنودی حاصل کرسکتے ہیں جو ہمارے ایمان کا جزو ہے۔

انہوں نے اس موقع پر رقت آمیز انداز میں آرمی پبلک اسکول پشاور کے شہید بچوں کو بھی یاد کرتے ہوئے ان کوزبردست خراج عقیدت پیش کیا اور افواج پاکستان کے شہداء کو سلام عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم خواتین کا جذبہ بھی یہی ہے۔ ہم خواتین بھی شاہدت کے جذبے سے ہر لمحہ سرشار رہتی ہیں چونکہ شہید زندہ رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عشق رسول ﷺ کو ہمیں اپنی میراث بنا کر متحد ہو کر وطن عزیز کو دہشتگردی سے پاک کرکے امن قائم کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے خواتین پر زور دیا کہ وہ اس مبارک مہینے ربیع الاول میں جو نبی کریمﷺ کی پیدائش کا مہینہ ہے گھر گھر درود وسلامک پاک کی محافل سجائیں اور پاکستان میں ایک مثالی معاشرہ قائم کرکے فیض و برکات و رحمتیں حاصل کرسکتی ہیں۔ محفل میلاد کی اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ناہید ابرار نے کہا کہ ہمیں رسول اللہﷺ کے اسوہ حسنہ پر عمل کرتے ہوئے آخرت میں نبی کریمﷺ کی شفاعت سے بہرور ہوسکتے ہیں رسول اللہﷺ نے خواتین کے حقوق کیلئے سب سے زیادہ زور دیا ہے اور اسلام میں سب سے زیادہ خواتین کیلئے نرم رویہ اختیار کرنے کا حکم ہے۔

دیگر مقررین میں پروفیسر فائزہ احسان، ڈاکٹر ناہید ابرار، آنسہ عفت تراب الحق قادری، پروفیسر نزہت رئیس، محترمہ عفت رحمانی، ڈاکٹر عائشہ رضوی اور دیگر خواتین نے خطاب کیا جبکہ ممتاز نعت خواں غزالہ عارف، تابندہ لاری، جویریہ کمال، ثناء علی، سید زینب عالیہ، آصف بینا، اعجاز کنیز اور رابعہ انیس شامل تھیں۔ نظامت کے فرائض ممتاز صحافی خاتون صفیہ ملک نے انجام دیئے۔ آخر میں نزہت رئیس صاحبہ نے ملک میں امن و امان اور سلامتی و خیر کی دعا کرائی۔ اس محفل میلاد النبیﷺ میں شہر کی اہم خواتین شخصیات اور کثیر تعداد میں خواتین نے شرکت فرمائی۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں