یوم شہدائے پشاورپر وزیراعظم کاخطاب قومی امنگوں کی ترجمانی ہے: علی اکبرگجر

قومی مسائل پر ملک کے تمام ادارے متحد ہیں ٗدشمنوں کو بالآخر شکست فاش ہو گی،رہنماء (ن) لیگ سندھ

بدھ 16 دسمبر 2015 20:06

کراچی( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 دسمبر۔2015ء)پاکستان مسلم لیگ (ن)سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر نے کہا ہے کہ یوم شہداپر وزیراعظم کاخطاب قومی امنگوں کی ترجمانی ہے۔پشاور میں اس اہم دن سیاسی اور عسکری قیادت کی ایک ساتھ موجودگی اور شہیدوں کومتفق ہو کر خراج عقیدت پیش کرنے سے صاف ظاہر ہے کہ قومی ایشوزپر تمام ادارے متحد ہیں اور ملک سے دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے ہم قدم ہیں اورانشااﷲ دشمنوں کو بالآخر شکست فاش ہو گی۔

مسلم لیگ (ن) کی حکومت افواج پاکستان کی قربانیوں کی دل سے قدر کرتی ہے جس کا ثبوت یہ ہے کہ ’’آپریشن ضرب عضب‘‘ میں حکومت اور فوج کے دل ایک ساتھ دھڑک رہے ہیں۔ قائد جمہوریت میاں محمدنوازشریف نے سانحہ پشاور کے شہدا کی برسی پراپنے سچے جذبات سے ثابت کردیا کہ وہ دہشت گردی پر کسی مصلحت سے کام نہیں لیں گے اوراس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ نہ ہوجائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے سانحہ پشاورکی تقریب سے خطاب میں اپنا دل کھول کر عوام کے سامنے رکھ دیا۔آرمی پبلک اسکول کو ’’شہدا یونیورسٹی‘‘کادرجہ دینا اور سولہ دسمبر کو’’قومی یوم عزم تعلیم‘‘کے طورپرسرکاری سطح پر منائے جانے کا اعلان خوش آئند ہے جس پر وزیراعظم نے قوم کے دل جیت لئے ہیں۔علی اکبر گجر نے کہا کہ سولہ دسمبر کا دن تاریخ میں سیاہ حرفوں سے لکھا جائے گا کہ جس دن قومی سلامتی پر دشمنوں نے کاری وار کیا اور سیکڑوں معصوم بچوں کو اپنی ناپاک خواہشات کی بھینٹ چڑھا دیا لیکن پوری قوم نے اپنے اتحاد سے ثابت کردیا کہ وہ دشمن سے ڈرنے والی نہیں بلکہ ملک کے عوام اور تمام ادارے یک مشت ہو کر دشمن کو ایک ایسے انجام سے دوچار کر دیں گے کہ وہ اور اس کی آئندہ نسلیں بھی یاد رکھیں گی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں