کراچی ،پی آئی اے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا دھرنا اور علامتی ہڑتال سانحہ آرمی پبلک کے شہید بچوں کے نام، دھرنا مختصر کر دیا گیا

بدھ 16 دسمبر 2015 20:07

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 دسمبر۔2015ء ) جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے تحت پی آئی اے ہیڈ آفس میں آج بھی علامتی ہڑتال کی گئی ۔ شھدائے پشاور کی یاد میں آج کے دھرنے کو مختصر کر دیا گیا۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے کنویئیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سانحہ پشاور میں شھید ہونے والے بچوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ ہم قربانیوں کو فراموش کرنے والی قوم ہیں، ہم نے قائداعظم کے پاکستان کو دولخت کر دیا مگر ہم اس سانحے کو بھی بھول گئے ، ہم نے اپنے شھدا کی قربانیوں کو یاد نہ رکھا۔

لیکن ان معصوم بچوں نے اپنا کل ہمارے آج پر قربان کر کے ہمیں متحد کر دیا ہے۔ سانحہ پشاور پر انسانیت شرمسار تھی ، ہر آنکھ اشکبار تھی آج بھی ہمارے دل اس سانحے پر غم زدہ ہیں۔ ان ماؤں کے کرب کا اندازہ کون لگا سکتا ہے جن کی نظریں آج بھی اپنے بچوں کی راہ تک رہی ہیں۔

(جاری ہے)

آج ہم پی آئی اے کی بات نہیں کرتے آج کا سانحہ اتنا کرب ناک ہے کہ اس کے سامنے تمام سانحے ہیچ ہیں۔

ہمارے بچو ہم نے تمھیں فراموش نہیں کیا تم آج ہم میں موجود نہیں لیکن تم نے اس قوم کو متحد کر دیا ہے۔ دہشت گردوں کو واضع پیغام دے دیا ہے کسی نے اس ملک کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو وہ آنکھ پھوڑ دی جائے گی۔ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی۔ دہشت گردی کی جنگ میں اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے تمام لوگوں کو افواج پاکستان کو اور تمام لاء اینڈ انفورسمینٹ کے شھدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

پی آئی اے منی پاکستان ہے، پی آئی اے نظریہ پاکستان کی اساس ہے اور پوری دنیا میں سبز ہلالی پرچم کو سر بلند کرتی ہے۔ پی آئی اے اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں۔ ہم آج کا دھرنا شھدائے پشاور کی وجہ سے مختصر کرتے ہیں۔ آخر میں شھدائے پشاور کے درجات کی بلندی کے لئے ، پاکستان اور پی آئی اے کے استحکام اور ترقی کے لئے دعا کی گئی ۔ اس دھرنے میں جوائینٹ ایکشن کمیٹی کے چئیرمین کیپٹن سہیل بلوچ، سیپ کے سابق صدر شوکت جمشید، ڈپٹی کنوینئیر ہدایت اﷲ خان، ڈپٹی کنوینئر صفدر انجم، سیپ کے صدر ذاکر فاروق، اسکائی ویز کے صدر علی لاشاری، یونائیڈ کے صدر شاہد قریشی، پالپا کے صدر عامر ہاشمی ،پروگریسو کے صدر ڈاکٹر عمران، اٹاپ کے صدرنجیب الرحمن ۔

، پیاسی کے صدر عبید اﷲ، پکا کے صدر نصراﷲ خان، انصاف فرنٹ کے صدر صبور شاہ، آفیسر فورم محمد اشرف ، حکم داد، شیر امان ، ریحان بٹ شامل تھے۔ملازمین کی ایک بڑی تعداد اس دھرنے میں شریک تھی۔ کل دن 11بجے پی آئی اے ہیڈ آفس میں علامتی ہڑتال اور دھرنا دیا جائے گا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں