سندھ اسمبلی میں رینجرز کی مشروط تعیناتی سے متعلق قرارداد کی منظوری کے بعد اپوزیشن کے واک آؤٹ کے دوران وقفہ سوالات 3 منٹ میں نمٹادیا گیا

بدھ 16 دسمبر 2015 22:23

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 دسمبر۔2015ء ) سندھ اسمبلی میں بدھ کو رینجرز کی مشروط تعیناتی سے متعلق قرار داد کی منظوری کے بعد اپوزیشن ارکان کے واک آؤٹ کے دوران وقفہ سوالا ت اور توجہ دلاؤ نوٹس کا وقفہ تین منٹ میں نمٹا دیا گیا ۔ کیونکہ کوئی ضمنی سوال کرنے والا نہیں تھا اور نہ ہی توجہ دلاؤ نوٹس والے ارکان ایوان میں موجود تھے ۔

واک آؤٹ کے بعد اپوزیشن ارکان دوبارہ ایوان میں آئے اور اپنا احتجاج جاری رکھا ۔اپوزیشن کے شور شرابے کے دوران اسمبلی کی کارروائی بھی جاری رہی ۔ اسپیکر نے اعلان کیا کہ گورنرسندھ نے اسمبلی کے منظور کردہ 8 بلز کی منظوری دے دی ہے ۔ ان میں گمبٹ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز ترمیمی بل 2015 ، سندھ لوکل گورنمنٹ تیسرا ترمیمی بل 2015 ، سندھ زکواۃ اینڈ عشر ترمیمی بل 2015 ، بیرٹ ہوج سن انٹرنیشنل یونیورسٹی کراچی بل 2015 ، سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن ترمیمی بل 2015 ، کراچی واٹر اینڈ سیوریج ترمیمی بل 2015 ، ملیر یونیورسٹی سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کراچی بل 2015 اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی لاڑکانہ ترمیمی بل 2015 شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

سینئر وزیر تعلیم اور پارلیمانی امور نثار احمد کھوڑو نے جنوری تا جون 2014 ، جولائی تا دسمبر 2014 ء کی مدت کے لیے قومی مالیاتی کمیشن ایوارڈ پر عمل درآمد کی دو سالہ مانیٹرنگ پر رپورٹس اور مالی 2014-15 کے لیے اپریل تا جون 2015 کی مدت سے متعلق رواں اخراجات اور رواں ترقیاتی اخراجات کی سہ ماہی رپورٹ بھی پیش کی ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں