سندھ حکومت نے آئین کے آرٹیکل 147 کے تحت رینجرز سندھ کو اختیارات تفویض کردیئے ہیں،ارکان سندھ اسمبلی پیپلزپارٹی

جمعرات 17 دسمبر 2015 21:13

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 دسمبر۔2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے ارکان صوبائی اسمبلی جاوید ناگوری‘ ساجد جوکھیو اورسردارمقیم خان کھوسونے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے آئین کے آرٹیکل 147 کے تحت اور نیشنل ایکشن پلان کی روح کے مطابق رینجرز سندھ کو اختیارات تفویض کردیئے ہیں تاکہ وہ حقیقی معنوں میں دہشت گردوں کا پیچھا کریں اور معاشرے سے دہشت گردی کی لعنت کا خاتمہ کرنے میں منتخب جمہوری حکومت کی مدد کریں۔

پی پی پی میڈیا سیل سندھ سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کراچی جیسے اہم تجارتی شہر میں اغوا برائے تاوان، بھتہ خوری، ٹارگٹ کلنگ اور مذہبی انتہا پسندی نے عوام کو غیر محفوظ جبکہ تجارتی مراکز کو بے رونق اور تاجروں اور صنعت کاروں کوذہنی مریض بنا دیا تھا تاہم قانون نافذ کرنے والے اداروں، پولیس اور رینجرز نے کافی حد تک ان سنگین جرائم پر قابو پالیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خلاف ایکشن کیلئے صوبے کی سطح پر اینٹی کرپشن کا محکمہ پوری طرح فعال ہے تاہم مٹھی بھر چھوٹے دکاندار اور عوام کی جانب سے مسترد کردہ عناصر سندھ کی منتخب جمہوری حکومت کے اس آئینی حق کو تسلیم نہیں کررہے جبکہ میڈیا بھی ان کی ہاں میں ہاں ملا رہا ہے جوکہ نہایت افسوسناک عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف جمہوری دور میں ہی ہوتا ہے کہ چند نام نہاد دانشور اور میڈیا پر شعبدے بازی کرنے والے خود ساختہ تجزیہ نگار سرعام جمہوریت کی بساط لپٹنے کی باتیں کررہے ہیں۔ ایسے عناصر کے خلاف غداری کے مقدمات قائم کئے جانے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم بہت باشعور ہوچکی ہے لہذا پاکستان میں سوائے جمہوریت کے کوئی اور نظام انہیں قبول نہیں ہے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں