کلفٹن سے سانحہ صفورا کا سہولت کار نجی یونیورسٹی کا وائس چانسلر گرفتار، سی ٹی ڈی

ملزم عادل مسعود القاعدہ کو فنڈنگ اورسانحہ صفورا میں سہولت کاری میں ملوث ہے، کاؤنٹرٹیررازم ڈیپارٹمنٹ

جمعہ 18 دسمبر 2015 22:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18 دسمبر۔2015ء ) سی ڈی ٹی پولیس نے کلفٹن میں واقع نجی یونیورسٹی میں کارروائی کرتے ہوئے وائس چانسلر کو گرفتارکرلیا ، ملزم پر القاعدہ کو فنڈنگ اور سانحہ صفورا میں سہولت کار ہونے کا الزام ہے۔جمعہ کو کراچی کے علاقے کلفٹن میں کاؤنٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ نے کارروائی کرتے ہوئے نجی یونیورسٹی کے وائس چانسلر عادل مسعود کو گرفتار کرلیا۔

(جاری ہے)

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ملزم کو پہلے سے گرفتار سانحہ صفورا کے سہولت کار خالد یوسف کی نشاندہی پر گرفتار کیا گیا جب کہ ملزم القاعدہ کو فنڈنگ اور سانحہ صفورا کے ملزمان کو سہولت فراہم کرنے بھی ملوث ہے۔ سی ٹی ڈی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ گرفتار وائس چانسلر سانحہ صفورا کے مرکزی ملزم سعد عزیز کا بزنس پارٹنر بھی ہے۔سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ عادل مسعود کے بینک اکاؤنٹس کی چھان بین سے ملزم کے خلاف ٹھوس شواہد ملے ہیں جب کہ کیس میں پہلے سے گرفتار ملزم خالد یوسف نے بھی جے آئی ٹی کے سامنے عادل مسعود کوسانحہ صفورا کا سہولت کار قراردیا تھا۔

واضح رہے کہ رواں سال مئی کے مہینے میں کراچی کے علاقے صفورا گوٹھ میں اسماعیلی کمیونٹی کی بس پر حملہ کیا گیا تھا جس میں خواتین اور بچوں سمیت 44 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں