ڈاکٹر عاصم حسین کیس میں مشتاق جہانگیری کو ہٹاکر نثار درانی کو سپیشل پراسیکیوٹر تعینات کردیا گیا

اتوار 20 دسمبر 2015 14:03

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔20 دسمبر۔2015ء) ڈاکٹرعاصم حسین پرانسداد دہشت گردی کے مقدمہ کی پیروی کرنے والے سپیشل پراسیکیوٹر مشتاق جہانگیری کو تبدیل کردیاگیا ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق مشتاق جہانگیری کی جگہ سینئر وکیل نثار احمد درانی کو سپیشل پراسیکیوٹر تعینات کیا گیا ۔ وزیراعلیٰ سندھ نے پراسیکیوٹر کی تبدیلی کی منظوری دیدی اورنوٹی فکیشن جاری کردیا ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عاصم حسین پر الزام تھا کہ انہوں نے ضیا ء الدین ہسپتال میں دہشتگردوں کو علاج معالجے کی سہولت فراہم کی تھی جس کی وجہ سے ان پر مقدمہ درج کیا گیا تھا۔واضح رہے کہ مشتاق جہانگیری نے ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی اور کہا تھا کہ حکومت نے ڈاکٹرعاصم حسین کیس میں بیانات بدلنے کیلئے دباوٴ ڈالا تھا لیکن شواہد کی موجودگی کی وجہ سے اْنہوں نے حکومت کی بات ماننے سے انکار کردیا ، اب انہیں اسی پاداش میں عہدے سے ہٹائے جانے کی اطلاعات ہیں لہٰذا عدالت حکم جاری کرے کہ وہی کیس کی پیروی کریں کیونکہ تفتیش متاثر ہونے کاخدشہ ہے۔اس سے قبل بھی ڈاکٹر عاصم حسین کیس میں تفتیشی افسر کو تبدیل کرکے ڈی ایس پی الطاف حسین کو تفتیشی افسر تعینات کیا گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں