کراچی، مارکیٹنگ کے نام پر فحاشی پر مبنی اشتہارات معاشرے کی اقدار پر حملہ ہیں،ڈاکٹرمعراج الہدیٰ صدیقی

منگل 22 دسمبر 2015 18:02

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 دسمبر۔2015ء) جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا ہے کہ مارکیٹنگ کے نام پر فحاشی پر مبنی ایسے اشتہارات معاشرے کی اقدار پر حملہ ہیں،میڈیا کے بعض ادارے اورکاروباری کمپنیاں غیروں کے ایجنڈاکو آگے بڑھاکرشیطانی تہذیب کو تھوپنے کیلئے ھر وقت حملہ آور ہوتے ہیں ،پیمر،وزارت اطلاعات اورادارے میڈیا کو ضابطہ اخلاق کا پابند بنانے میں ناکام ہوچکے ہیں۔

انہوں نے آج ایک بیان میں کہا کہ اشیاء کی فروخت کیلئے حوا کی بیٹی کا احترام ختم کردیا گیا ہے۔پڑوسی ملک بھارت میں عورتوں پر ہونے والے جنسی حملے بھی اسی میڈیا دہشتگردی کا نتیجہ ہیں۔میڈیا ،انٹرنیٹ،ہوڈننگز اورفیشن شوز کے ذریعے ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت نوجوانوں کو بے راہ روی کے دلدل میں دھکیلا جارہاہے،آئین پاکستان ،پیمرا سمیت متعلقہ اداروں کے ضابطہ اخلاق کی دھجیاں اُڑائی جارہی ہیں۔

(جاری ہے)

جس پر حکومتی رٹ کے دعویدار حکمرانوں کی خاموشی سمجھہ سے بالاتر ہے۔صوبائی امیر نے کہاکہ جمعۃ المبارک کی چھٹی کا خاتمہ،حکومتی سرپرستی میں شراب وسودکے چلن عام ہونے کے بعد اب معاشرے میں فحاشی وعریانی کا سیلاب اﷲ کے غیض و غضب کو کھلم کھلا دعوت دے رہا ہے۔ اسلام اور کلمہ طیبہ کے نام پر معرض وجود میں آنے والی مملکت خداداد میں اسلام ودستور کے منافی اقداروروایات کو کسی صورت میں بھی برداشت نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا تحفظ صرف مصطفویﷺ تہذیب کے سائے میں ہی ممکن ہے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں