نبی پاک کی ذات تمام عالم کیلئے نعمت عظمیٰ ہے ،علامہ محمد الیاس قادری

چراغاں چوری کی بجلی سے ہرگز نہ کیا جائے، بل کی ادائیگی یقینی بنائی جائے،امیر دعوت اسلامی کراچی

جمعرات 24 دسمبر 2015 15:06

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 دسمبر۔2015ء) تبلیغ قرآن وسنت کی عالمگیرغیر سیاسی تحریک دعوت اسلامی کے امیر علامہ محمد الیاس عطار قادری نے کہا ہے کہ کہ نبی کریم کی ذات مبارکہ تمام عالم کیلئے بہت بڑی نعمت ہے ا ورجب بھی نعمت ملے تو اللہ عزوجل کے حضور اس کا شکر ادا کرنا چاہئے ۔صاحب نعمت کو چاہئے کہ وہ اللہ عزوجل کی رضا کیلئے زیادہ سے زیادہ نیک کام کرے ۔

شکر ادا کرنے کیلئے ذکر ودرود کی محافل اور نیک اجتماعات کا انعقاد یقینا عمدہ عمل ہے ۔البتہ حقوق عامہ کا بھی خیال رکھا جائے ،روڈ اس طرح بند نہ کئے جائیں جس سے آنے جانے والوں کو تکلیف ہو،نہ ہی رات گئے تک بلند آواز میں محافل کا انعقاد کیا جائے کیونکہ اس طرح بوڑھوں ،ملازمت پیشہ افراد ،اور چھوٹے بچوں کی نیند متاثر ہوجاتی ہے ۔

(جاری ہے)

جشن ولادت کی خوشی میں کئے جانے والے چراغاں کیلئے بجلی کی چوری ہرگز نہ کی جائے بلکہ متعلقہ محکمے کو بجلی کے بل کی ادائیگی یقینی بنائی جائے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے دعوت اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ میں جشن عید میلاد النبی کے سلسلے میں منعقدہ ہونے والے مدنی مذاکرے کے دوران مختلف سوالات کے جوابات میں کیا ۔انہوں نے کہا کہ اسلام کسی کوبلاوجہ تکلیف پہنچانے سے منع کرتا ہے ۔مسلمانوں کا ہر عمل شریعت کے مطابق ہونا چاہئے ۔اگر ایسا ہوگیا تو غیر مسلم متاثر ہوکر حلقہ بگوش اسلام ہوجائیں گے ۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ موسیقی کا اہتمام کرنے والے اللہ عزوجل کی بارگاہ میں توبہ کریں کیونکہ اللہ عزوجل کی نافرمانی ہے ۔موسیقی کا اہتمام کرنے والے کو موسیقی سننے والوں کے برابر گناہ ملتا ہے یعنی جتنے لوگ بھی موسیقی سنیں گے انہیں بھی گناہ ملے گا اور اس کا اہتمام کرنے والے کو سننے والوں کے مجموعے کے برابر گناہ ملے گا ۔مدنی مذاکرے کے اختتام پر عالم اسلام اور وطن عزیز پاکستان کی ترقی کیلئے خصوصی دعا کی گئی ۔مدنی مذاکرے میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بھی شرکت کی ۔اس موقع پر مرکزی مجلس شوریٰ کے نگران مولانا محمد عمران عطاری رکن شوریٰ حاجی محمد امین عطاری اور رکن شوریٰ محمد عماد عطاری مدنی بھی موجود تھے ۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں