مسیحی برادری کے خلاف مذہب کی بنیاد پر قوانین کے غلط استعمال کی مذمت کرتے ہیں ، آصف زرداری

جمعرات 24 دسمبر 2015 20:22

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 دسمبر۔2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر آصف علی زرداری نے کرسمس کے موقع پر پاکستان کے مسیحی بھائیوں اور بہنوں کو، خاص طور پر اور دنیا کی مسیحی برادری کو بالعموم مبارکباد پیش کی ہے۔ کرسمس کے پیغام میں سابق صدر نے کہا کہ حضرت عیسیٰ  محبت، درگزر اور بھائی چارے کی تعلیمات کا منبع ہیں اور ہمیں چاہیے کہ ان کی تعلیمات پر عمل کرکے اپنے کل کو اپنے آج سے بہتر بنائیں۔

آج جتنی ضرورت محبت، درگزر اور مفاہمت کی ہے، اس سے پہلے کبھی نہیں تھی۔ سابق صدر نے کہا کہ وہ مسیحی برادری کے خلاف مذہب کی بنیاد پر قوانین کے غلط استعمال کی مذمت کرتے ہیں اور نہ صرف یہ کہ مسیحی برادری بلکہ تمام اقلیتوں کے خلاف ان قوانین کے غلط استعمال کی مذمت کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ غیرمسلموں کو ان قوانین کے غلط استعمال کے خلاف تحفظ فراہم کرتی رہے گی۔

پاکستان پیپلزپارٹی سینیٹ کے اس فیصلے کو سراہتی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ مذہب کی بنیاد پر بنائے گئے قوانین کے غلط استعمال کو روکنے کے لئے تمام شراکت داروں کے ساتھ گفتگو کی جائے گی۔ آصف علی زرداری نے ملک کی ترقی اور فلاح و بہبود کے لئے مسیحی برادری کی خدمات کا اعتراف کیا اور انہیں سراہا۔ مسیحی برادری نے قانون پر عمل پیراء رہنے والی برادری کی حیثیت سے اپنا مقام بنایا ہے جسے پوری قوم تسلیم کرتی ہے۔

انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ مسیحی برادری اپنا مثبت اور تعمیری کردار ادا کرتی رہے گی۔ انہوں نے پاکستان پیپلزپارٹی کے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ پارٹی مسیحی برادری کو پاکستان کا برابر کا شہری سمجھتی ہے اور مساویانہ طور پر انہیں ملک کی ترقی میں حصہ لینے کا حق دیتی ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں