وزیراعظم آج ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچیں گے۔وفاقی وزیرداخلہ اوروزیرخزانہ بھی ہمراہ ہوں گے

وزیراعظم کو گورنرہاؤس میں امن وامان کے حوالے سے اجلاس کی صدارت میں نیشنل ایکشن پلان اورشہرمیں امن وامان کے حوالے سے بریفنگ دی جائے گی،ذرائع

اتوار 27 دسمبر 2015 18:54

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 دسمبر۔2015ء) وزیراعظم میاں محمدنوازشریف آج(پیر)ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچیں گے۔وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثاراوروزیرخزانہ اسحاق ڈاربھی وزیراعظم کے ہمراہ ہوں گے۔ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کراچی آمد کے بعد پورٹ قاسم اتھارٹی کے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیں گے اورپورٹ قاسم پاور پراجیکٹ کا معائنہ کریں گے ۔

بعدازاں وزیراعظم وفاق ایوانہائے صنعت وتجارت کے زیراہتمام ایکسپورٹ ٹرافی ایوارڈ تقریب میں شرکت بھی کریں گے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق وزیراعظم گورنرہاؤس میں امن وامان کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کریں گے جس میں نیشنل ایکشن پلان اورشہرمیں امن وامان کے حوالے سے بریفنگ دی جائے گی۔وزیراعظم نوازشریف اپنے دورے کے دوران وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ ،ڈی جی رینجرزاورکورکمانڈرسے بھی ملاقات کریں گے جس میں کراچی میں امن وامان کی صورتحال اوررینجرزکے اختیارات کے حوالے سے بھی بات چیت کی جائے گی۔

یاد رہے کہ مرکز اور سندھ حکومت کے مابین رینجرز اختیارات کے حوالے سے جاری تنازعے کے متعلق سندھ حکومت کو اعتماد میں لینے اور اس کے تحفظات دور کرنے سے متعلق بھی کئی روز سے تمام سیاسی حلقوں کی نظریں وزیر اعظم کے دورہ کراچی کی جانب لگی ہوئی ہیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں