ایف پی سی سی آئی انتخابات 2016،بزنس مین پینل نے اپنے حتمی امیدواروں کا اعلان کردیا

بزنس کمیونٹی کا سب سے بڑامسئلہ ایس ایم منیر اور افتخارعلی ملک ہیں، جنہوں نے 21ویں گریڈکی نوکری اور گارڈفلٹرکو سیلزٹیکس استثنیٰ دلوانے کی خاطربزنس کمیونٹی کاسوداکیا ،سلطان چاولہ/میاں زاہدحسین/میاں انجم نثار/زکریاعثمان

پیر 28 دسمبر 2015 16:41

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 دسمبر۔2015ء) بزنس مین پینل نے وفاق چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سالانہ انتخابات برائے2016کے لیے بزنس مین پینل نے اپنے حتمی امیدواروں کا اعلان کردیا ہے۔بزنس مین پینل آفس سے جاری اعلامئے کے مطابق صدارت کے لئے سنیٹرحاجی غلام علی، سینئر نائب صدر کے لئے تنویراحمدصوفی، سندھ چیمبر سے نائب صدارت کی نمائندگی کے لئے عبدالمنان خان، بلوچستان چیمبر سے اسماعیل ستار،خیبرپختونخوا سے محمدریاض خٹک، پنجاب سے چوہدری محمدحسین زاہدجبکہ خواتین چیمبرز کی نمائندگی کے لئے قیصرہ شیخ ، اسی طرح ایسوسی ایشنز کی نمائندگی کے لئے نائب صدارت کے عہدے پر شیخ امجدرشید،چوہدری محمدنصیر،جاویداقبال صدیقی،فہیم الرحمن اور اسمال چیمبرز کی نمائندگی کے لئے محمدشفیق انجم کو حتمی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

دریں اثناء بزنس مین پینل کے چیئرمین سلطان چاولہ ،فرسٹ وائس چیئرمین میاں زاہد حسین ،پنجاب ریجن کے چیئرمین میاں انجم نثار،سندھ ریجن کے چیئرمین ذکریا عثمان ،ترجمان شیخ منظرعالم اورجنرل سیکرٹری ثاقب فیاض مگوں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ بزنس مین پینل نے بزنس کمیونٹی کے مسائل کو سمجھنے والے دبنگ امیدوار میدان میں اتاردیئے ہیں ۔

بزنس کمیونٹی کو اس وقت ایسے ہی انتھک کام کرنے والے رہنماؤں کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ یونائیٹڈبزنس گروپ کے خود ساختہ لیڈرز بزنس مین پینل کی پالیسیوں پر نکتہ چینی کرتے ہیں ۔یہی لیڈر 20سال تک بزنس مین پینل کے سرپرست اعلیٰ طارق سعید کی سرپرستی میں کام کرنے کے لیے منتیں کرتے تھے اوربزنس مین پینل کے منشور کے تحت ماضی میں ایس ایم منیر فیڈریشن کے صدربنے آج بزنس مین پینل کو لوٹ مارکا ٹولہ کہنے والے پہلے اپنے گریبانوں میں جھانکیں ۔

ایس ایم منیر اور ان کا گروپ ذہنی دیوالیہ پن کا شکار ہوچکا ہے۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ سال یوبی جی نے تبدیلی کے دلفریب نعرے پر کامیابی حاصل کی لیکن یہ تبدیلی بزنس کمیونٹی کے لیے نہیں بلکہ ایس ایم منیر خاندان کے لیے آئی ۔اس وقت بزنس کمیونٹی کا سب سے بڑامسئلہ ایس ایم منیر اور افتخارعلی ملک ہیں، جنہوں نے 21ویں گریڈکی نوکری اور گارڈفلٹرکو سیلزٹیکس استثنیٰ دلوانے کی خاطربزنس کمیونٹی کاسوداکیا ۔

ایس ایم منیر دوغلی پالیسی پر عمل پیرا ہیں ۔میڈیا میں وہ اسی خود ساختہ گروپ کے سرپرست بن جاتے ہیں جبکہ عدالت میں اس اظہار لاتعلقی کردیتے ہیں ۔انہوں نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں حلف نامہ جمع کرایاجس میں کہا کہ یوبی جی ایک خود ساختہ گروپ ہے اور میں اس گروپ کا سرپرست اعلیٰ نہیں ہوں ۔ ایس ایم منیرمسلسل اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کی دھجیاں اڑا رہے ہیں۔

بزنس مین پینل کے رہنماؤں نے کہا کہ فیڈریشن کے انتخابات سے دو دن قبل وزیراعظم میاں نواز شریف کو ایف پی سی سی آئی ایکسپورٹ ٹرافی ایوارڈز میں مدعو کرنے کے باوجود یو بی جی کو منہ کی کھانی پڑے گی اور شکست ان کی مقدر بن چکی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بزنس کمیونٹی نے تہیہ کرلیا ہے کہ اس مرتبہ مسائل کو سمجھنے والے اور ان کو حل کرنے والے امیدواروں کو منتخب کریں گے ۔

بزنس مین پینل کے امیدواروں کا ماضی اور حال تمام کمیونٹی کے لیے روز روشن کی طرح عیاں ہے ۔ان کے دامن پر کرپشن کا ایک داغ بھی نہیں ہے اور نہ ہی کسی سرکاری عہدے کے حصول کے لیے اس کے رہنماؤں نے حکمرانوں کی کاسہ لیسی کی ہے ۔انہوں نے کہاکہ بزنس مین پینل حقیقی بزنس مینوں پر مشتمل ہے یس مینوں پر نہیں، ہمارے امیدوار بزنس کمیونٹی کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں