وزیر اعظم نواز شریف نے بن قاسم میں کول پاور منصوبے سے 31دسمبر 2017 تک پیداوار شروع کرنے کے احکامات جاری کردیئے

Zeeshan Haider ذیشان حیدر پیر 28 دسمبر 2015 17:49

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔28 دسمبر۔2015ء) وزیر اعظم نواز شریف نے بن قاسم میں کول پاور منصوبے سے 31دسمبر 2017 تک پیداوار شروع کرنے کے احکامات جاری کیئے ہیں جبکہ چینی ماہرین نے یقین دہانی کرائی ہے کہ منصوبہ اگست 2017 تک مکمل کرلیں گے۔وزیر اعظم نواز شریف نے چینی سفیر سن وی ڈونگ کے ہمراہ بن قاسم میں کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے کا معائنہ کیا۔

اس موقع پروزیراعظم نوا ز شریف کا کہنا تھا کہ دسمبر 2017 منصوبے کی ڈیڈلائن ہے ، 31دسمبر 2017 تک منصوبے سے پیداوار شروع ہوجانی چاہیے۔وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ حکومت منصوبوں کی تکمیل کیلئے بھرپور معاونت کرری ہے، 31دسمبر 2017 تک منصوبے سے پیداوار شروع ہوجانی چاہیے۔ وزیر اعظم نے چینی سفیر سن وی ڈونگ کے کردار کی بھی تعریف کی۔

(جاری ہے)

چینی ماہرین نے منصوبے مقررہ وقت پر مکمل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ کوشش ہے منصوبہ اگست 2017 تک مکمل کرلیں گے ، منصوبوں کی تکمیل کیلئے دن رات کام کررہے ہیں۔

چینی ماہرین نے پاکستان میں سیکیورٹی کی صورت حال پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔اس موقع پر چینی سفیر سن وی ڈونگ کا کہنا کہ منصوبوں میں بین الاقومی معیار کو ملحوظ خاظر رکھا جارہا ہے۔وزیراعظم نواز شریف کو پورٹ قاسم پر جاری ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پورٹ قاسم سب سے مصروف اور زیادہ آمدن کی حامل بندرگاہ ہے، یہاں قائم صنعتی زون میں 250 صنعتیں کام کررہی ہیں، بن قاسم پر 8 آپریشنل ٹرمینل ہیں ایک ایل این جی ٹرمینل بھی قائم کیا گیا ہے،جسے 11 ماہ کی رکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا۔

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ ایل این جی ٹرمینل پر ایل این جی کو گیس میں تبدیل کرکے پائپ لائن کے ذریعے ترسیل کی جائے گی جبکہ حکومت ایل این جی کے ذریعے 3600 میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کے منصوبے پر کام کررہی ہے۔دوسری طرف وزیر اعظم نواز شریف نے کراچی کے تاجروں کو پھر نظر انداز کر دیا ، کراچی کے دورے پر آئے وزیر اعظم نواز شریف نے اس بار بھی شہر کی بزنس کمیونٹی کو ملاقات کا وقت نہیں دیا۔

انفرا اسٹرکچر کا فقدان ، توانائی بحران جیسے دیگر مسائل کے حوالے سے وزیر اعظم نواز شریف کو آگاہ کرنے کے لیے کراچی کے تاجر بے تاب بیٹھے تھے لیکن اس بار بھی وزیر اعظم کے ملاقات کے شیڈول میں جگہ نہ ملنے کے باعث ان کی ساری امیدوں پر پانی پھر گیا۔ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھنے والے شہر کے تاجروں کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے بیشتر فیصلوں میں انھیں شامل نہیں کیا جا رہا۔

تاجروں کا مزید کہنا تھا کہ کراچی چیمبر کی جانب سے متعدد بار وزیر اعظم نواز شریف ، وزارت خزانہ اور وزارت کامرس کو ملاقات کرنے کے حوالے سے درخواست کی گئی لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔ قبل ازیں کراچی ایئرپورٹ پر وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے وزیراعظم نواز شریف کا استقبال کیا۔وزیراعظم کے ہمراہ وزیردفاع خواجہ آصف، وزیرخزانہ اسحاق ڈار اور وزیرتجارت خرم دستگیرتھے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں