وفاق صوبوں کی خود مختاری کا احترام کرتا ہے، یہ تاثر غلط ہے کہ ہم سندھ میں مداخلت کرر ہے ہیں،سندھ حکومت کے تحفظات کو قانون اور آئین کے مطابق حل کریں گے

وزیر اعظم نواز شریف کی ایئرپورٹ پر وزیر اعلیٰ سندھ سے مختصر ملاقات میں گفتگو

پیر 28 دسمبر 2015 21:58

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔28 دسمبر۔2015ء) وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ وفاق صوبوں کی خود مختاری کا احترام کرتا ہے ۔ یہ تاثر غلط ہے کہ ہم سندھ میں مداخلت کرر ہے ہیں، سندھ حکومت کے تحفظات کو قانون اور آئین کے مطابق حل کریں گے ۔و زیر اعلیٰ اسلام آباد آجائیں گے ۔ سب کو بلا لیں گے ۔ مل بیٹھ کر بات کریں گے ۔ مسئلے کا حل نکال لیں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی ایئرپورٹ پر وزیر اعلیٰ سندھ سے مختصر ترین ملاقات میں کیا ۔ انتہائی باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ نے وزیر اعظم سے مختصر ملاقات میں اس بات کا شکوہ کیا کہ وفاق رینجرز کے اختیارات کے معاملے پر سندھ حکومت کے تحفظات کو سن نہیں رہا ہے اور وفاقی وزیر داخلہ براہ راست سندھ حکومت کے امور میں مداخلت کر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

آپ بھی ہماری نہیں سن رہے ہیں ۔ آپ بتائیں ہم کیا کریں ۔ جس پر وزیر اعظم نے وزیر اعلیٰ سندھ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ سینئر سیاست دان ہیں ۔ مسائل بات چیت سے حل ہوتے ہیں ۔ ہم آپ کی حکومت کے امور میں مداخلت نہیں کر رہے ۔ وفاق اور سندھ حکومت مل کر کراچی میں آپریشن کو جاری رکھیں گے ۔ آپ کے تمام تحفظات کو سنیں گے ۔ وہاں سب کو بلائیں گے ۔ بات چیت سے مسئلہ حل کریں گے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ وفاق صوبوں کی خود مختاری کا احترام کرتا ہے ۔ وفاق تمام مسائل مذاکرات سے حل کرنے پر یقین رکھتا ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں