المرکز الاسلامی فیڈرل بی ایریا کے دینی ومذہبی تقدس کی پامالی قابل مذمت ہے ،حافظ نعیم الرحمن

المرکز الاسلامی کی سابقہ حیثیت اور تشخص بحال نہ کیا گیا تو عوام احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے

پیر 28 دسمبر 2015 22:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 دسمبر۔2015ء) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے بلدیہ کراچی کے تحت فیڈرل بی ایریا بلاک 7میں قائم المرکز الاسلامی کے دینی اور مذہبی تقدس کی مسلسل پامالی اور بالخصوص 12ربیع الاول کے مبارک دن فلموں کی نمائش کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اس مذموم عمل میں ملوث افراد کے خلاف سخت کاروائی کی جائے اور المرکز الاسلامی فیڈرل بی ایریا کی سابقہ حیثیت اور دینی و مذہبی تقدس بحال کیا جائے ۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ بلدیہ کراچی کی ملکیت عمارت المرکز اسلامی جو نئی اسلامی ہجری صدی (پندرھوی صدی ) کے آغاز کی یادگار کے طور پر تعمیر کی گئی تھی لیکن ایک سازش اور منصوبے کے تحت اسے ایسے افراد کے حوالے کردیا گیا جنہوں نے اسی منی سینما ہاؤس بنادیا ، جہاں اب دین ،مذہب اور اخلاقیات کی دھجیاں بکھیری جارہی ہیں ۔

(جاری ہے)

عمار ت کے اندر کلمہ طیبہ اور قرآنی آیات کو مٹانے کی ناپاک جسارت کی گئی اور اس مرکز کو فحاشی و عریانی پھیلانے کے لیے استعمال کیا جارہا ہے حتی کہ 12ربیع الاول کے مقدس اور مبارک دن فلموں کی نمائش کی گئی جبکہ اس دن کے احترام میں شہر کے دیگر سینما گھر بھی بند ہوتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ دوسری جانب عمارت میں غیر قانونی توڑ پھوڑ کرکے شادی ہال بنایا جارہا ہے اور تجارتی مقاصد کے لیے بھی استعمال کیا جارہا ہے ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ المرکز الاسلامی میں فلموں کی نمائش اور اس عمارت کا یہ استعمال نہ صرف یہ کہ افسوسناک اور قابل مذمت ہے بلکہ اس مذموم عمل سے فیڈرل بی ایریا سمیت کراچی بھر کے عوام کے اندر شدید غم و غصہ پیدا ہوا ہے ، انہوں نے کہا کہ اس مرکز کے غلط استعمال کے خلاف فیڈرل بی ایریا کے عوام نے پہلے بھی احتجاج کیا تھا اور اگر یہ سلسلہ بند نہ کیا گیا اور اس کی سابقہ حیثیت اور تشخص بحال نہ کیا گیا تو عوام مزید احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں