سال 2015 میں پیش آنے والے اہم واقعات

بدھ 30 دسمبر 2015 14:06

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 دسمبر۔2015ء)ہر گزرا سال اپنے پیچھے کئی ایسے واقعات چھوڑ جاتا ہے جنہیں سامنے رکھ کر اقوام عالم اپنے مستقبل کے منصوبے بناتی ہیں۔ سال 2015 آج (جمعرات) اپنی تمام رنگینیوں اور نہ بھولنے والے واقعات کے ساتھ اختتام پذیر ہوجائے گا۔امریکا نے 54 سال کی دشمنی کے بعد کمیونسٹ کیوبا کے ساتھ سفارتی تعلقات بحال کرنے اور سفارت خانے کھولنے کا فیصلہ کیا۔

ان دونوں ممالک کے مابین سفارتی تعلق آمر باتستا کے خلاف ہوئی بغاوت اور فیڈل کاسترو کی قیادت میں کیوبا میں آنے والے انقلاب کے بعد ختم ہو گئے تھے۔تیرہ سال کی کوششوں کے بعد ایران کے جوہری تنازعے کا حل نکل آیا۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل ارکان اور جرمنی کے ساتھ ایرانی حکومت کا ایک معاہدہ طے پایا جس کے تحت ایران یورینیئم کے اپنے ذخائر میں کمی کرنے پر راضی ہو گیا۔

(جاری ہے)

جواب میں مغربی ممالک نیایران پر عائد اقتصادی پابندیاں نرم کرنے کا وعدہ کیا۔عراق، افغانستان، اریٹریا اور صومالیہ میں جاری تنازعات اور ظلم نے لوگوں کو یورپ کی جانب دھکیلا جس کی وجہ سے یورپی ممالک کو پناہ گزینوں کے بہت بڑے بحران کا سامنا رہا۔ اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ شامی پناہ گزینوں کی جوق در جوق یورپ آمد سے یہ کہیں نہیں لگتا ہے کہ یہ تعداد کم ہوگی۔

ادھر یورپی کمیشن کا کہنا ہے کہ پناہ گزینوں کی آمد کا سلسلہ جاری رہا تو 2017 تک یورپ آنے والے پناہ گزینوں کی تعداد 30 لاکھ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ رواں برس یورپ میں سمندر کے ذریعے 75,000 مہاجرین آئے ہیں جو 2014 میں آنے والے مہاجرین کی کل تعداد سے 282,000 زیادہ ہیں۔ ان میں سے زیادہ پناہ گزین یونان آئے جو کہ اب سب سے زیادہ عام منزل بن چکی ہے۔

مہاجرین کی زیادہ تر تعداد جرمنی جا رہی ہے کیونکہ اِنھیں وہاں پناہ ملنے کی امید ہے۔ترکی کے ایف 16 طیاروں نے ایک روسی سخوئی 24 جنگی طیارے کو مار گرایا جس کے بعد دونوں ملکوں کے تعلقات خراب ہو گئے۔ روس نے طیارہ مار گرانے کے واقعے پر سخت لب ولہجہ اختیار کرتے ہوئے ترکی سے معافی کا مطالبہ کیا۔ تاہم رجب اردوغان کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں اگر کسی فریق کو معافی مانگنی چاہیے تو وہ ہم نہیں ہیں۔

وہ جنھوں نے ہماری فضائی حدود کی خلاف ورزی کی معافی تو انھیں مانگنی چاہیے۔مصر کے علاقے میں روسی طیارہ گرنے سے اس میں سوار 224 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ طیارے کا ملبہ حسانا کے علاقے سے ملا۔ کوگلیماویا نامی کمپنی کا ایئر بس اے 321 طیارہ بحیرہ احمر کے کنارے واقع سیاحتی مقام شرم الشیخ سے روس کے شہر سینٹ پیٹرز برگ کے لیے روانہ ہوا تھا۔ روسی حکام کے مطابق طیارے پر عملے کے سات ارکان کے علاوہ 217 مسافر سوار تھے جن میں سے تین کا تعلق یوکرین اور باقی کا روس سے تھا۔

ہلاک شدگان میں 138 خواتین اور 17 بچے بھی شامل تھے۔افریقی ملک مالی میں دہشتگردوں نے ایک ہوٹل پر حملہ کرکے 27 افراد کو ہلاک جبکہ 170 سے زائد کو یرغمال بنا لیا تھا۔ حملہ آور امریکی کمپنی کے ہوٹل میں گھسے اور گولیوں کی بوچھاڑ کر دی۔ امریکی، فرانسیسی اور اقوام متحدہ کی امن فوج نے 9 گھنٹے آپریشن کرکے یرغمالیوں کو رہائی دلوائی۔ ہوٹل سے بازیاب ہونے والوں میں 6 امریکی، 10 چینی، 6 ترک اور 20 بھارتی بھی شامل تھے۔

فرانس کے دارالحکومت پیرس میں دہشت گردوں نے مختلف مقامات پر حملے کرکے 129 افراد کو ہلاک جبکہ متعد کو زخمی کر دیا تھا۔ حملوں کی ذمہ داری شدت پسند تنظیم داعش نے قبول کی تھی۔ دہشتگردوں نے مشرقی پیرس میں ایک کنسرٹ ہال کو نشانہ بنایا گیا جہاں سب سے زیادہ ہلاکتیں ہوئیں۔ دوسرا حملہ فٹبال سٹیڈیم کے باہر ہوا جہاں 3 دھماکے کئے گئے۔ سٹیڈیم میں فرانس کے صدر بھی موجود تھے۔

دہشتگردوں نے پیزا سینٹر، جاپانی ہوٹل اور ریسٹورنٹ سمیت دیگر مقامات پر بھی حملے کئے۔ ان حملوں کے بعد پوری دنیا سوگ میں ڈوب گئی تھی۔ اسی سال فرانس کے دارالحکومت پیرس کے ایک جریدے چارلی ہیبڈو کے دفتر میں فائرنگ کے نتیجے میں 12 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔ اس رسالے نے توہین آمیز خاکے شائع کئے تھے۔میانمار میں حزب اختلاف رہنما آنگ سان سوچی کی جماعت نیشنل لیگ فار ڈیموکریسی نے انتخابات میں کامیابی حاصل کی۔

آنگ سان سوچی برما کے ایک قومی ہیرو آنگ سانگ کی بیٹی ہیں۔ ان کے والد برما کی آزادی دیکھ نہیں سکے تھے۔ 1947 میں وہ ایک قاتلانہ حملے میں ہلاک ہو گئے تھے۔چین نے اس سال فی خاندان ایک بچہ کی پالیسی ختم کرنے کا فیصلہ کیا جو کہ گذشتہ کئی دہائیوں سے جاری تھی۔ کمیونسٹ پارٹی نے ایک بیان میں اعلان کیا کہ آئندہ ہر جوڑے کو دو بچے پیدا کرنے کی اجازت دے دی جائے گی۔

چین میں فی خاندان ایک بچہ کا متنازع حکومتی فیصلہ 1979 میں کیا گیا تھا جس کا مقصد ملک کی شرح پیدائش میں کمی کرکے آبادی پر قابو پانا تھا تاہم اس پالیسی کے نتیجے میں ان خدشات میں اضافہ ہو گیا تھا کہ ملکی آبادی میں عمر رسیدہ افراد کا تناسب بڑھ جائے گا۔ ایک اندازے کے مطابق چین میں اس پالیسی کے نفاذ سے اب تک تقریبا 40 کروڑ بچوں کی پیدائش کو روکا گیا ہے۔

کینیڈا میں حزب اختلاف کی جماعت لبرل پارٹی نے عام انتخابات میں کامیابی حاصل کرکے کنزرویٹو پارٹی کی نو سالہ حکمرانی کا خاتمہ کر دیا۔ جسٹن ٹروڈو کی قیادت میں لبرل پارٹی انتخابی مہم کے دوران تیسرے نمبر پر تھی لیکن الیکشن میں وہ اکثریت حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔ جسٹن ٹروڈو نے جو کینیڈا کے آنجہانی وزیراعظم پیئیر ٹروڈو کے بیٹے ہیں نے کہا کہ کینیڈا کے لوگوں نے اصلی تبدیلی کے لیے ووٹ دیا۔

ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں منعقد امن ریلی کے دوران ہونے والے بم دھماکوں میں کم از کم 100 افراد ہلاک جبکہ 245 افراد زخمی ہو گئے تھے۔ ترکی حکام کے مطابق یہ دھماکے شدت پسندوں نے کئے تھے۔ دھماکے اس وقت ہوئے جب لوگ ایک امن ریلی میں حصہ لینے کے لئے جمع ہو رہے تھے۔ ریلی کا مقصد کرد علیحدگی پسند گروہ کے خلاف تشدد کے خاتمے کا مطالبہ کرنا تھا۔

امریکی فضائیہ نے افغانستان کے ایک ہسپتال پر بمباری کرکے وہاں زیر علاج کم از کم 30 افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔ افغانستان میں امریکی کمانڈر جنرل جون کیمبل نے اعتراف کیا تھا کہ قندوز ہسپتال پر تین اکتوبر کا خونریز فضائی حملہ بنیادی طور پر انسانی غلطی کا نتیجہ تھا۔ فرانسیسی تنظیم ڈاکٹرز وِد آٹ بارڈرز کے زیرِ انتظام چلنے والے قندوز کے اس ہسپتال پر یہ امریکی فضائی حملہ اس وقت کیا گیا تھا جب طالبان نے اس شمالی افغان شہر پر دھاوا بول دیا تھا۔

اس واقعے کی پوری دنیا میں مذمت کی گئی تھی۔تھائی لینڈ کے دارالحکومت بینکاک میں ایک مندر کے قریب ہونے والے بم دھماکے میں 27 افراد ہلاک جبکہ 100 سے زائد زخمی ہوئے۔ مندر کے اردگرد موجود لوگ اس دھماکے کی زد میں آئے۔ تھائی لینڈ کی حکومت کا کہنا ہے کہ یہ مندر سیاحوں کی توجہ کا مرکز ہے اس لئے ہو سکتا ہے کہ اس دھماکے کا ہدف غیر ملکی سیاح ہوں۔

اس سال جولائی میں طالبان امیر ملا محمد عمر کے انتقال خبریں آئیں۔ طالبان نے تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ دو سال سے بھی زیادہ عرصہ پہلے وفات پا چکے ہیں۔ اس سے پہلے افغان خفیہ سروس یہ خبر منظرِ عام پر لا چکی تھی اور ایسی خبریں جاری ہو رہی تھیں جن میں کہا جا رہا تھا کہ ملا عمر کا انتقال کراچی میں ہوا۔ ملا عمر کے انتقال کی خبر جاری ہونے کے اگلے ہی روز افغان طالبان نے عجلت میں اپنا ایک اجلاس بلایا جس میں ملا منصور کو طالبان کا نیا قائد منتخب کر لیا گیا۔

طالبان کے بہت سے کمانڈروں کے ساتھ ساتھ ملا عمر کے خاندان کے افراد بھی ملا منصور کی تقرری پر ناخوش تھے۔ کچھ نے اس بات پر اعتراض کیا کہ دو سال تک ملا عمر کے انتقال کی خبر چھپائی کیوں گئی۔ ملا منصور کا کہنا یہ تھا کہ وہ اس خبر کو عام کرنے سے پہلے 2014 میں افغانستان سے مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے فوجی دستوں کے انخلا کا انتظار کرنا چاہتے تھے۔

ایران اور چھ عالمی قوتوں کے درمیان جوہری پروگرام کو محدود کرنے کے سلسلے میں معاہدہ طے پایا۔ آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں ہونے والے مذاکرات میں چھ عالمی قوتیں امریکا، برطانیہ، روس، چین، فرانس، جرمنی اور ایران کے درمیان جوہری پروگرام محدود کرنے پر بات چیت کی تازہ ترین مہم کئی ماہ سے جاری تھی۔ معاہدے کے تحت ایران کے خلاف عائد عالمی اقتصادی پابندیاں ختم کر دی جائیں گی اور ایران اپنی جوہری تنصیبات کو اقوام متحدہ کے معائنوں کے لیے کھول دے گا۔

برطانیہ میں ہونے والے عام انتخابات میں عوام نے ایک بار پھر ڈیوڈ کیمرون پر اپنا اعتماد ظاہر کرتے ہوئے انھیں دوسری مدت کیلئے وزیراعظم منتخب کیا۔ کنزرویٹو پارٹی نے 56ویں برطانوی پارلیمان کی 331 نشستوں پر کامیابی حاصل کرکے واضح اکثریت کے ساتھ حکومت بنانے کا اعلان کیا۔ ڈیوڈ کیمرون دوسرے برطانوی وزیراعظم ہیں جنھوں نے اقتدار میں رہتے ہوئے اکثریت حاصل کی۔

ان سے پہلے کنزرویٹو کی رہنما مارگریٹ تھیچر نے 1997 کی پارلیمنٹ میں سادہ اکثریت حاصل کی تھی۔مصر کی ایک عدالت نے سابق صدر مرسی کو 2011 میں جیل توڑنے کے الزام میں موت کی سزا سنائی۔ سابق مصری رہنما کو پہلے ہی اپنے دور اقتدار میں مظاہرین کی گرفتاریوں اور ان پر تشدد کرنے کا حکم دینے پر 20 سال قید کی سزا سنائی جا چکی تھی۔ جولائی 2013 میں سابق صدر محمد مرسی کے خلاف ہونے والے مظاہروں کے بعد فوج نے ان کی حکومت کا تختہ الٹ دیا تھا۔

تیونس کے دارالحکومت میں مسلح جنگجووں نے پارلیمنٹ اور عجائب گھر پر حملہ کرکے 22 افراد کو ہلاک جبکہ پچاس کو زخمی کر دیا تھا۔ مرنے والوں میں سترہ غیر ملکی سیاح، ایک پولیس اہلکار اور ایک تیونسی شہری شامل تھا۔ غیر ملکی سیاح پولینڈ، اٹلی، جرمنی اور سپین سے تعلق رکھتے تھے۔ اس کے کچھ عرصے بعد تیونس کے سیاحتی مقام پر قائم ایک ہوٹل پر دہشتگردوں نے حملہ کرکے انگلینڈ، جرمنی اور بیلجیم کے سیاحوں سمیت 37 افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔

حملہ آوروں نے دو ہوٹلوں پر حملہ کیا اور سیاحوں پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔اسرائیل میں ہونے والے انتخابات میں ایک مرتبہ پھر نیتن یاہو وزیراعظم منتخب ہوئے۔ عام انتخابات کے بعد حکومتی جماعت لیکوڈ جماعت 30 نشستیں لے کر فاتح قرار پائی جبکہ دوسرے نمبر پر آنے والی زائینسٹ یونین 24 نشستیں حاصل کر سکی۔ لیکوڈ جماعت سے تعلق رکھنے والے سیاستدان نیتن یاہو نے چوتھی مرتبہ وزارت عظمی کا حلف اٹھایا۔

ڈنمارک میں فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں دو شہری ہلاک جبکہ پانچ پولیس اہلکار زخمی ہو گئے تھے۔ دو مسلح افراد نے ایک ایسے کیفے کو نشانہ بنایا تھا جہاں ایک سیمینار کا اہتمام کیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق اس کیفے پر ہونے والے حملے میں آرٹسٹ لارس وِلِکس کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ اس حملے کے چند گھنٹوں بعد ایک یہودی عبادت گاہ کے قریب ہونے والی فائرنگ میں بھی ایک شخص کی ہلاکت ہوئی۔

جبکہ اس واقعے میں دو مزید پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔ اس طرح ڈنمارک کے شہر کوپن ہیگن میں چند گھنٹوں کے اندر ہونے والی دو دہشت گردانہ کارروائیوں میں دو شہری ہلاک اور پانچ پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔سعودی عرب کے بادشاہ عبداللہ بن عبدالعزیز 90 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ شاہ عبداللہ پھیپھڑوں کے عارضے میں مبتلا تھے۔ انھیں کئی روز تک مصنوعی سانس دیا جاتا رہا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔

شاہ عبداللہ کی جگہ بادشاہت ان کے سوتیلے بھائی 79 سالہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے سنبھالی ہے جنھیں دو برس قبل شہزادہ نائف بن عبدالعزیز کی وفات کے بعد ولی عہد کا منصب ملا تھا۔بھارتی ہائیکورٹ نے ملک بھر میں گوشت کی خرید وفروخت پر پابندی لگا دی۔ سریشور ٹھاکر اور راجیو شرما پر مشتمل دو رکنی بنچ نے مرکزی حکومت کو ہدایت کی کہ وہ لوک سبھا میں ایسی قانون سازی کرے جس کے بعد گائے کو مقدس قرار دے کر اس کو ذبح کرنا اور اس کے گوشت کی خریدو فروخت پر مکمل پابندی عائد کر دی جائے۔

دوسری جانب 2015 میں گائے کے گوشت پر پورا بھارت تنازعات کا شکار رہا۔ جنونی ہندوں نے گائے کا گوشت کھانے کے الزام میں دادری کے رہائشی اخلاق احمد کو تشدد کرکے قتل کر دیا تھا۔ گائے کے گوشت کیخلاف انتہا پسند ہندوں کے رویے اور اس پر بھارتی حکومت کی مجرمانہ خاموشی پر پوری دنیا میں اس کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ بھارت کے ممتاز لکھاریوں اور فلم انڈسٹری سے وابستہ افراد نے اپنے ایوارڈز واپس کرکے اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا تھا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں