وزیر صحت سندھ نے جیکب آباد میں محکمہ صحت میں جعلی بھرتیوں کی خبر کا سخت نوٹس لے لیا

اس قسم کے واقعات محکمہ صحت کی کارکردگی پر بد نما داغ ہیں ،فوری تدارک ہونا چاہئے ، جام مہتاب حسین

بدھ 30 دسمبر 2015 17:48

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 دسمبر۔2015ء) صوبائی وزیر صحت جام مہتاب حسین ڈھر نے جیکب آباد محکمہ صحت میں جعلی بھرتیوں کی خبر کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی صحت کی سربراہی میں قائم کردہ کمیٹی کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر اس معاملے کی تحقیقات کریں اور رپورٹ پیش کرکے ذمہ داران کا تعین کریں جو اس گھناؤنے جرم میں ملوث ہیں۔

بدھ کو جاری ہونے والے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اس قسم کے واقعات محکمہ صحت کی کارکردگی پر ایک بد نما داغ ہیں اور اس کا فوری تدارک ہونا چاہئے ۔ علاوہ ازیں صوبائی وزیر صحت جام مہتاب حسین ڈھر نے اسلام کوٹ میں گیسٹرو کی بیماری کے پھیلنے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ ڈی ایچ اواور سول اسپتال اسلام کوٹ کے ایم ایس کو ہدایت کی ہے کہ وہ گیسٹرو سے متاثرہ بچوں کو فوری طور پر مکمل علاج و معالجے کی سہولیات فراہم کریں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حفاظتی اقدامات کے ذریعے گیسٹرو کی بیماری سے بچاؤ ممکن ہے اور مناسب وقت پر علاج سے معصوم بچوں کی جانوں کو بچایا جاسکتا ہے۔ صوبائی وزیر صحت نے سول اسپتال ٹنڈو الہیار میں طبی عملہ اور دواؤں کی کمی اور ضروری طبی آلات کی خرابی کا بھی نوٹس لیتے ہوئے ٹنڈو الہیار سول اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر وسیم شیخ کو ہدایت کی ہے کہ وہ طبی عملہ کی قلت سے متعلق فوری طور پر سمری محکمہ صحت کو روانہ کریں ۔

مریضوں کے لئے ادویات کی بر وقت فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور خراب طبی مشینری کو فوری طور پر مرمت کی جائے تاکہ مریضوں کو سہولیات کی فراہمی یقینی ہو سکے ۔ جام مہتاب حسین ڈھر نے کہا کہ مریضوں کو علاج و معالجہ کی سہولیات میں کوئی غفلت نہ برتی جائے ۔ مریضوں خاص طور پر خواتین کو ہر ممکن سہولیات دی جائیں۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں