پی سی بی مجھے بھی دوسرا موقع دے ، سلیم ملک

جمعرات 31 دسمبر 2015 12:35

پی سی بی مجھے بھی دوسرا موقع دے ، سلیم ملک

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔31دسمبر۔2015ء) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کرکٹر سلیم ملک نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے اپیل کی ہے کہ انہیں بھی دوسرا موقع دیا جائے،میں غصہ نہیں اور نہ ناراض ہوں لیکن افسوس ہوتا ہے، میں نے پاکستان کے لیے کئی میچز کھیلے، بہت سی فتوحات کا حصہ رہا ہوں، یہاں تک کہ کئی میچ تن تنہا پاکستان کو جتوائے اور کئی میچ بچائے تو پھر مجھے دوسروں کی طرح ایک اور موقع کیوں نہیں دیا جاسکتا؟ اپنے ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ ان کے ساتھ انصاف نہیں کیا گیا۔

'میرا عالمی کیریئر اختتام کی جانب بڑھ رہا تھا اس لیے مجھے قربانی کا بکرا بنایا گیا۔انہیں ایک یا دو قربانی کے بکروں کی ضرورت تھی۔'سلیم ملک نے کہا کہ 'انصاف سب کے لیے ہونا چاہیے، میرا سوال حکام سے ہے کہ میرے ساتھ الگ سلوک کیوں کیا گیا؟ مجھے اتنی کڑی سزا کیوں دی گئی؟ مجھ سے کسی نے ہمدردی کیوں نہیں کی یا مجھے دوسرا موقع کیوں نہیں دیا گیا؟انہوں نے کہا 'جسٹس قیوم رپورٹ میں شامل کئی کھلاڑیوں کو بین الاقوامی کرکٹ کا حصہ بننے کی اجازت دے دی گئی لیکن حقیقت یہ ہے کہ 16 سال بعد بھی مجھے کوئی دوسرا موقع نہیں دیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کئی مرتبہ اپنا نام کلیئر کروانے کی کوشش کی تاہم انہیں بلیک لسٹ کرکے تنہا چھوڑ دیا گیا۔ میں ایک کرکٹ اکیڈمی کھولنا چاہتا تھا لیکن انہوں نے مجھے ایسا کرنے سے بھی روک دیا۔تاہم دو سال قبل سلیم ملک کی درخواست پر پی سی بی نے ان کا نام کلیئر کردیا اور اب انٹرنیشل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے کلیئرنس کا انتظار ہے۔انہوں نے بتایا 'پی سی بی نے مجھے تحریری طور پر درخواست جمع کروانے کا کہا تھا جو میں دو سال پہلے کرچکا ہوں۔

مجھے بعد میں بتایا گیا کہ بورڈ اور عدالتوں نے میرا نام کلیئر کردیا ہے تاہم آئی سی سی نے ابھی تک اس معاملے پر پی سی بی کو جواب نہیں دیا۔ اس لیے میں اب انتظار کررہا ہوں جیسا گزشتہ کئی سال سے کرتا رہا ہوں۔ میں چاہتا ہوں کہ آئی سی سی میرا نام کلیئر کردے تاکہ میں کرکٹ کے ذریعے اپنا گزر بسر کرسکوں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں