ڈاکٹر عاصم کے ہسپتال میں 330دہشت گردوں کا علاج ہوا، قانون نافذکرنیوالے اداروں نے ریکارڈ تفتیشی حکام کے حوالے کردیا

جمعرات 31 دسمبر 2015 15:24

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 دسمبر۔2015ء) سابق صدر آصف علی زرداری کے قریبی ساتھی اور سندھ ہائیرایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر عاصم حسین کے ضیاء الدین اسپتال میں 330دہشت گردوں کے علاج معالجے کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔ تفتیشی ذرائع کے مطابق ضیاء الدین اسپتال سے 330دہشت گردوں نے علاج کرایا۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے نے مطلوب330 دہشت گردوں کا کریمنل ریکارڈ قبضے میں لے لیا ہے۔

(جاری ہے)

قبضے میں لیے گئے ریکارڈ کے مطابق ضیاء الدین اسپتال میں علاج کروانے والے دہشت گردوں میں سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے ساتھ ساتھ گینگ وار اورکالعدم تنظیموں کے خطر ناک کارندے بھی شامل تھے۔ علاج کرانے والوں میں ایسے دہشت گرد بھی شامل تھے حکومت نے جن کے سروں کی قیمت مقرر کررکھی تھی۔قانون نافذ کرنے والے اداروں نے 330دہشت گردوں کا سربمہر ریکارڈ تفتیشی حکام کے حوالے کردیا ہے جسے ڈاکٹر عاصم کے خلاف ٹھوس ثبوت کے طور پر عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ ڈاکٹر عاصم کے خلاف دہشت گردوں کے علاج معالجے کے الزام میں مختلف تھانوں میں ایف آئی آر درج کی گئی تھیں۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں