آپریشنل اہداف کا کامیاب حصول قابل تحسین ہے ،نیول چیف

موثر اور مضبوط بحریہ پاکستان کی بحری خود مختاری اور مفادات کے تحفظ کیلئے نہایت اہم ہے،ایڈمرل محمد ذکاء اﷲ

جمعرات 31 دسمبر 2015 18:12

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 دسمبر۔2015ء) پاکستان نیوی فلیٹ کمانڈ کی سالانہ ایفشنسی کمپٹیشن پریڈ اور ایوارڈ ز کی تقریب برائے سال 2015ء آج پاکستان نیوی ڈاکیارڈ میں منعقد ہوئی۔ چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکاء اﷲ تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔پاکستان نیوی فلیٹ کمانڈ ہر سال کے اختتام پر ایفیشنسی کمپٹیشن پریڈ کا باقاعدگی سے انعقاد کرتی ہے جس میں پورے سال کے دوران نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے فلیٹ یونٹس میں ایفیشنسی شیلڈز تقسیم کی جاتی ہیں۔

اس موقع پر افسروں اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے ایڈمرل محمد ذکا ء اﷲ نے تما م آپریشنل اہداف کے کامیاب حصول پر پاکستان نیوی فلیٹ کی تعریف کی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایک موثر اور مضبوط بحریہ پاکستان کی بحری خود مختاری اور مفادات کے تحفظ کے لیے نہایت اہم ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے پاکستان نیوی فلیٹ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور کارکردگی پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔

انہوں نے بالخصوص اس سال کے آغاز میں جنگ سے متاثرہ ملک یمن میں محصور پاکستانی اور غیر ملکی شہریوں کے انخلا ء میں فلیٹ یونٹس کی کاوشوں کو سراہا۔ نیول چیف نے مزید کہا کہ پاکستان نیوی فلیٹ یونٹس کا یہ کامیاب آپریشن پاکستان نیوی کی دور تک رسائی کا واضح اظہار تھا جسے نہ صرف ملکی بلکہ غیر ملکی سطح پر بھی تسلیم کیا گیا۔ پاکستان نیوی کی کاوشوں کا ذکر کرتے ہوئے ایڈمرل محمد ذکاء اﷲ نے کہا کہ پاک بحریہ شمالی بحیرۂ عرب اور خلیج عدن میں کثیر القومی بحری اتحاد اور بحری قذاقی کے خلاف کوششوں میں مسلسل حصہ لے کر خطے میں امن و استحکام کی حکومتی پالیسی کو کامیاب بنانے میں موثر کردار ادا کررہی ہے۔

اسی کے ساتھ ساتھ پاک بحریہ مختلف اندرونی اور بیرونی سیکیورٹی ماحول کے تناظر میں ملک کی بحری سرحدوں کے تحفظ کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ قبل ازیں اپنے خطبہء استقبالیہ میں کمانڈر پاکستان فلیٹ وائس ایڈمرل سید عارف اﷲ حسینی نے سال 2015ء کے دوران پاکستان نیوی فلیٹ کی آپریشنل کامیابیوں کا جائزہ پیش کیا۔ انہوں نے آگاہ کیا کہ اہم بحری مشق سی اسپارک۔

2015کے کامیاب انعقاد کے ساتھ ساتھ پاکستان نیوی فلیٹ یونٹس نے سال گذشتہ کے دوران متعدد کثیرالقومی اور دوطرفہ مشقوں اور آپریشنز میں بھر پور حصہ لیا۔ بعد ازیں چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکا ء اﷲ نے سال 2015ء کے دوران اپنے اپنے متعلقہ شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے فلیٹ یونٹس میں انعامات تقسیم کیے ۔ تقریب میں پاک بحریہ کے سینئر حاضر سروس اور ریٹائرڈ افسروں اور جوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں