نیا سال پاکستان کے عوام کے لیے ترقی اور خوشحالی لائے گا،بلاول بھٹو زرداری

آمروں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے پیدا ہونے والی دہشتگرد قوتیں قوم کا بڑا نقصان کر رہی ہیں،چیئرمین پیپلز پارٹی

جمعرات 31 دسمبر 2015 19:46

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 دسمبر۔2015ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے نئے سال کی آمد کے موقع پر پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے امید کا اظہار کیا ہے کہ نیا سال پاکستان کے عوام کے لیے ترقی اور خوشحالی لائے گا، نئے سال کی آمد کے موقع پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک میں دہشتگردی کی وجہ سے گذشتہ دو دہائیوں سے پرامن شہریوں اور مسلح فورسز کا بڑا جانی و مالی نقصان ہوا ہے، آمروں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے پیدا ہونے والی دہشتگرد قوتیں قوم کا بڑا نقصان کر رہی ہیں، بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ پاکستان کا متفقہ آئین ملک کے عوام اور فیڈریشن یونٹس کو یکجا رکھنے کی قوت ہے اور ملک کا روشن مستقبل بھی آئین کی پیروی سے وابستہ ہے، بلاول بھٹو زرداری نے پوری قوم، تمام سیاسی جماعتوں اور اداروں پر زور دیا کہ نئے سال میں داخل ہونے کے لیے ہم آہنگی کو برقرار رکھا جائے اور قوم جن تکالیف اورخطرات کا شکار ہے ان سے چھٹکارے کے لیے متحد ہوکر جدوجہدکی جائے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں