کراچی، اسکائی لیپ کے ذریعے سیاست میں آنے والے چور دروازے سے اقتدار پر قبضہ کرنے کے لئے بے چین ہیں ،پیپلزپارٹی

جمعرات 31 دسمبر 2015 19:57

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 دسمبر۔2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے اراکین صوبائی اسمبلی ڈاکٹر سہرا ب خان سرکی، ڈاکٹر ستار راجپر اور سردار شاہ نے فنگشنل لیگ سندھ کے رہنما و رکن صوبائی اسمبلی امتیاز شیخ کے بیان کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسکائی لیپ کے ذریعے سیاست میں آنے والے چور دروازے سے اقتدار پر قبضہ کرنے کے لئے بے چین ہیں ، مگر ان کی تمام سازشیں و مکروہ ارادے ناکام ثابت ہونگے۔

پی پی پی میڈیا سیل سندھ سے جاری کردہ بیان میں پاکستان پیپلز پارٹی کے مذکورہ بالا رہنماؤں نے مزید کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں جمہوریت کی پیٹھ میں چھرا گھونپنے والی جماعتوں میں امتیاز شیخ کی پارٹی کا نام سرفہرست رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بارہا سازشوں کے ذریعے اقتدار پر قبضہ کرنے کے باوجود عوام میں ان کو کبھی پذیرائی نہیں ملی۔

(جاری ہے)

ضیا الحق اور پرویز مشرف جیسے آمروں کا آلہ کار بننے والی امتیاز شیخ کی جماعت بلدیاتی انتخابات میں بدترین شکست کے بعد سندھ کے عوام سے بدلا لینے کے لئے غیر جمہوری قوتوں سے ساز باز وسازشوں میں مصروف ہیں لیکن ان کی ناکامی یقینی ہے۔

امتیاز شیخ آج جس وزیراعظم کے گن گاتے پھرتے ہیں وہی نواز شریف جب جدہ میں تھے تو پرویز مشرف کی خوشنودی کے لئے ان کی ہرزہ سرائی میں پیش پیش تھے۔ آئے دن وفاداریاں تبدیل کرنے والے امتیاز شیخ پر ان کے اپنے وزیراعلیٰ ارباب غلام رحیم نے کرپشن کے الزامات لگا کر کابینہ سے نکال دیا تھا۔ دوسروں پر کرپشن کے الزامات لگانے سے پہلے امتیاز شیخ خود ان پر لگائے گئے کرپشن کے الزامات کی وضاحتیں کریں۔ سندھ میں موجودہ حکومت عوام کی منتخب کردہ ہے جس کو ہٹانے کا اختیارصرف عوام کو ہے۔ سندھ میں اگر کوئی غیر آئینی و غیر قانونی حربہ اختیار کیا گیا توسندھ کے عوام ان قوتوں کو حالیہ بلدیاتی انتخابات سے بھی سخت ومنہ توڑ جواب دینگے جن میں ان کا سیاسی جنازہ نکل جائے گا۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں