پرویز مشرف کے مواخذے کی تیاریاں مکمل ہیں صرف پیپلزپارٹی کے سگنل کا انتظار ہے،وزیراعلی پنجاب،شریف خاندان نہ تو پہلے اقتدار کا بھوکا تھا نہ اب ہے ہم ملک اور اس کی عوام کو خوشحال اور انصاف کا بول بالا چاہتے ہیں

جمعہ 20 جون 2008 14:46

خیرپور ٹامیوالی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20جون۔2008ء) وزیراعلی پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم کسی سپر طاقت کے ایجنٹ کو نہیں مانتے اور نہ ہی اس ایجنٹ کو مزید اقتدار پر رہنے کا ٹائم دینا چاہتے ہیں -پرویز مشرف کے مواخذے کی تیاریاں مکمل ہیں صرف پیپلزپارٹی کے سگنل کا انتظار ہے- وہ بہاولپور کے دورے کے دوران تحریک بحالی صوبہ بہاولپور کے کنونیئر چوہدری محمد شاکر اور مسلم لیگ ن خیرپورٹامیوالی کے ممتاز رہنما حسن خان عباسی، یوتھ ضلعی نائب صدر حاجی شعیب احمد، راؤ ارشد ایڈووکیٹ و دیگر اکابرین سے ملاقات کے دوران سیاسی ملکی صورتحال پر بات چیت کررہے تھے- انہوں نے کہا کہ ججز ہر صورت بحال ہوں گے آئین توڑنے والے غدار ہیں ان کے خلاف مقدمہ چلانا ضروری ہے اگر آج ملکی مفاد اور آئین کو نقصان پہنچانے والے جرنیلوں کا احتساب نہ ہوا تو آئندہ جرنیل ملک پر غاصبانہ قبضہ کرتے رہیں گے-پاکستان کو بچانے اور قائد اعظم کے خوابوں کو عملی جامعہ پہنانے کیلئے مسلم لیگ ن ہر طرح کی قربانی دینے کیلئے تیار ہے- شریف خاندان نہ تو پہلے اقتدار کا بھوکا تھا نہ اب ہے ہم ملک اور اس کی عوام کو خوشحال اور انصاف کا بول بالا چاہتے ہیں- انہوں نے کہا کہ جمہوریت کو بچانے کیلئے بھٹو خاندان کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں جمہوریت بچانے کیلئے ہم نے بھی گیارہ سال جلا وطنی کی زندگی گزاری ہے ہم پاکستان کو اتحادی جماعت کے ذریعہ مضبوط اور مستحکم بنانے کے خواہاں ہیں- ہم اس ملک کی ساکھ کو نقصان پہنچانے والے اور ملکی خزانہ ٹوٹنے والے سابقہ اقتدار والوں کو ہر گز معاف نہیں کر سکتے- انہوں نے کہا کہ مشرف اور اس کے حواریوں نے پاکستان کو شدید نقصان پہنچایا ہے ملکی خزانہ دونوں ہاتھوں سے لوٹا گیا جگہ جگہ انسانی خون بہایا گیا قانون اور انصاف کا بھی جنازہ نکال دیا گیا ججز کو پابند سلاسل کر کے ایک آمر نے اپنی آمریت کا بول بالا کیا -وزیراعلی نے کہا کہ یہ پاکستان بڑی قربانیوں سے ملا ہے اور ہم نے جمہوریت کو لانے کیلئے بھی قربانیاں دی ہیں اب مشرف کو احتساب کیلئے تیار رہنا ہو گا خدا کی لاٹھی بڑی بے آواز ہوتی ہے جب چلتی ہے تو بڑے بڑے فرعون اور شداد اس کی زد میں آ جاتے ہیں-شہباز شریف نے کہا کہ بہاولپور میرا اپنا خطہ ہے میں نواب صاحبان کا مشکور ہوں جنہوں نے بہاولپور اپنی ریاست کو پاکستان میں ضم کیا اس دھرتی پر یہاں کے مقامی باشندوں کا حق ہے ہم چولستان کی اراضی پر کسی بھی جرنیل کا قبضہ نہیں چاہتے ہم یہ اراضی واپس لیکر مقامی باشندوں میں تقسیم کریں گے-انہوں نے کہا کہ نیشنل پارک لال سوہانرا کو مزید توسیع کرنے اور اسے خوبصورت بنانے کیلئے پنجاب حکومت نے کروڑوں کے فنڈز مختص کئے ہیں یہ پارک بہاولپور کی سرائیکی دھرتی کا خوبصورت پارک ہے مجھے اس دھرتی کے باسیوں سے بہت زیادہ پیار ہے یہاں کی میٹھی سرائیکی زبان سن کر مجھے راحت اور سکون ملتا ہے اس دھرتی کے باسی وفادار اور جہان نورز ہیں اور خواجہ فرید  کی روہی اس خطہ کی پہچان ہے- پنجاب حکومت چولستان کی قحط سالی اور خشک سالی کے خاتمے کیلئے اہم اقدامات کررہی ہے انہوں نے کہا کہ بہاولپور وہ خطہ ہے جس سے مجھے لاہور کی خوشبو آتی ہے میں اس دھرتی کے باسیوں کو سلام پیش کرتا ہوں اور ان سے وعدہ کرتا ہوں کہ ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے انہوں نے کہا کہ میرے دروازے ہر وقت کھلے ہیں جو بھی مجھ سے ملنا چاہے اسے کوئی روک ٹوک نہ ہو گی- میں بہاولپور آتا جاتا رہوں گا کیونکہ یہ خطہ میرا دوسرا گھر ہے -میاں شہباز شریف نے کہا کہ تمام صوبائی محکمہ کے افسران عوام اور پاکستان کے خادم ہیں اگر کسی بھی افسر کے خلاف شکایت آئی تو ہر گز معاف نہیں کروں گاانہوں نے پولیس سے کہا کہ وہ وڈیروں کے نیچے لگنے کی بجائے مظلوم عوام کی مدد کریں وگرنہ چوکوں میں الٹا لٹکا دوں گا-انہوں نے کہا کہ میڈیا آزاد ہے کرپٹ عناصر کی نشاندہی کرے میں انہیں ہر گز معاف نہیں کروں گا میرا تعاون میڈیا کے ساتھ رہے گا-

خیرپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں