خیرپور کے قدیم قبرستانوں پر لینڈ مافیا کا قبضہ ۔قبریں مسمار کرکے شاپنگ سینٹر تعمیر کردئیے

جمعرات 8 جنوری 2015 17:54

خیرپور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 09 جنوری 2015ء)خیرپور کے قدیم قبرستانوں پر لینڈ مافیا کا قبضہ ۔قبریں مسمار کرکے شاپنگ سینٹر تعمیر کردئیے۔مزید قبریں مسمار کرنے کا سلسلہ جاری۔شہریوں کی جانب سے کاروائی کا مطالبہ۔خیرپور کی درگاہ جادو شاہ،درگاہ شہید بادشاہ ،درگاہ بہار شاہ،درگاہ غریب شاہ،درگاہ جند وڈا ،درگاہ پیر فضل شاہ اور دیگر درگاہوں کے تاریخی قبرستانوں میں با اثر قبضہ مافیا کے افراد کی جانب سے 300سے زائد قدیمی قبروں کو مسمار کرکے پلاننگ کے بعد شاپنگ سینٹر اور گھر تعمیر کردئیے گئے ہیں جبکہ ضلع انتظامیہ کی جانب سے تاریخی قبرستانوں پر قبضے والے واقع اور قبضہ مافیا کے خلاف کوئی بھی کاروائی نہیں کی گئی ہے جس کے بعد مذکورہ درگاہوں کے قبرستانوں میں مزید قبروں کو مسمار کرنے کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے ۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں شہریوں اور مختلف سماجی رہنماوں سید مستجاب حیدر ،حسن رضا آرائیں ،سلیم قریشی ،حبیب اللہ پھلپوٹو،احسان قریشی اور دیگر نے کہا کہ گزشتہ کئی عرصے سے با اثر قبضہ مافیا کے گروپ قدیمی قبریں مسمار کرکے پلاننگ کرنے کے بعد شاپنگ سینٹر اور گھر تعمیر کررہے ہیں انہوں نے وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ ،رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر سیدہ نفیسہ شاہ جیلانی،کمشنر سکھر،اور ڈپٹی کمشنر خیرپور سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر قبرستانو ں میں غیر قانونی طور پر تعمیر کئے گئے شاپنگ سینٹر اور گھروں کو مسمار کرکے قبضہ کرنے والے افراد کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائے ۔

خیرپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں