طویل عرصے کے بعد ہارس اینڈ کیٹل شو کے انعقاد سے اس شعبے کی صلاحیت کو اْجاگر کرنے میں بہت مدد ملے گی‘ پرویز ملک

پیر 2 مارچ 2015 14:40

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔02مارچ۔2015ء) مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر ، رکن قومی اسمبلی اور پنجاب حکومت کی کمیٹی برائے ہارس اینڈ کیٹل شو کے چیئرمین پرویز ملک نے کہا ہے کہ لائیوسٹاک اور ڈیری سیکٹر ملکی معیشت کی ترقی میں بہت اہم کردار ادا کرسکتا ہے، پنجاب حکومت اس شعبے کی پوٹینشل سے فائدہ اٹھانے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھارہی ہے، طویل عرصے کے بعد ہارس اینڈ کیٹل شو کے انعقاد سے اس شعبے کی صلاحیت کو اْجاگر کرنے میں بہت مدد ملے گی۔

زراعت، لائیوسٹاک اور ڈیری سیکٹر سے وابستہ افراد کے وفد سے خطاب کرتے ہوئے پرویز ملک نے کہا کہ ہمارا مستقبل لائیوسٹاک سیکٹر سے وابستہ ہے لہٰذا ہمیں اس کی ترقی پر خاص توجہ دینا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ماضی کی حکومتوں نے اس اہم شعبے کو بْری طرح نظر انداز کیا لیکن اب صورتحال مسلسل بہتری کی طرف گامزن ہے کیونکہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف زراعت، لائیوسٹاک اور ڈیری سیکٹر کے مسائل حل کرنے پر خاص توجہ دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس شعبے کی ضرورت کے عین مطابق پالیسیاں تشکیل دی جارہی ہیں تاکہ یہ غربت کے خاتمے، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور قیمتی زرمبادلہ کمانے میں کردار ادا کرسکے۔ پرویز ملک نے کہا کہ پنجاب حکومت زراعت، لائیوسٹاک اور ڈیری سیکٹر میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دے رہی ہے اور حلال گوشت کی برآمد بڑھانے کے لیے لائیوسٹاک مصنوعات کی کوالٹی کو یقینی بنایا جارہا ہے۔

انہوں نے وفد کو آگاہ کیا کہ چولستان میں پانچ جدید ٹائیوسٹاک فارم قائم کیے گئے ہیں جس سے وہاں کے لوگوں کا رہن سہن بہتر ہوگا۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ پنجاب حکومت کا ہارس اینڈ کیٹل شو کامیابی کی نئی داستان رقم کرے گا اور غیرملکی سرمایہ کار پنجاب کے لائیوسٹاک اور ڈیری سیکٹر کی جانب راغب ہونگے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں