نیو خانکی بیراج کنسٹرکشن پراجیکٹ پلاننگ، ڈیزائننگ اور عملی کام کے حوالے سے پاکستانی انجینئرز کی پیشہ ورانہ مہارت اور اعلیٰ کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت‘اظہار الحق ،

محکمہ آبپاشی حکومت پنجاب، ایشیائی ترقیاتی بنک کی مالی معاونت سے نیو خانکی بیراج کے تعمیراتی منصوبہ پر عملدرآمد کرا رہا ہے ‘ پاکستان انجینئرنگ کانگریس کے نائب صدر

پیر 2 مارچ 2015 23:39

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔2مارچ۔2015ء ) نیو خانکی بیراج کنسٹرکشن پراجیکٹ پلاننگ، ڈیزائننگ اور عملی کام کے حوالے سے بلاشبہ پاکستانی انجینئرز کی پیشہ ورانہ مہارت اور اعلیٰ کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت، انجینئرنگ ٹیکنالوجی کا شاہکار منصوبہ اور عظیم قومی اثاثہ ہے، پاکستان انجینئرنگ کانگریس کے نائب صدر انجینئر ڈاکٹر اظہار الحق نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز دورہ خانکی بیراج کے موقع پر کیا۔

وہ انجینئرنگ کانگریس کے چالیس (40) رکنی وفد کی قیادت کر رہے تھے جو تحصیل وزیرآباد میں دریائے چناب پر واقع نیو خانکی بیراج کنسٹرکشن پراجیکٹ کے ایک روزہ تکنیکی و معلوماتی دورہ پر یہاں پہنچا تھا۔ دورہ کا اہتمام پراجیکٹ مینجمنٹ آفس (پی ایم او) پنجاب بیراجیز، محکمہ آبپاشی نے کیا۔

(جاری ہے)

خانکی بیراج پہنچنے پر پی ایم او پنجاب بیراجیز کے پراجیکٹ ڈائریکٹر امجد سعید، سابق پراجیکٹ ڈائریکٹر سید محمود الحسن ، ٹیم لیڈر سمیک(کنسلٹنٹ) محمد اعظم چودھری،ڈیسکون انجینئرنگ(کنٹریکٹر) کے پراجیکٹ منیجرمحمد انیس شیخ نے وفد کا استقبال کیا۔

محکمہ کے دیگر افسران، کنسلٹنٹ و کنٹریکٹر کے نمائندگان بھی اس موقع پر موجود تھے۔پراجیکٹ ڈائریکٹر امجد سعید کی طرف سے استقبالیہ کلمات اور پراجیکٹ کا مختصر جائزہ پیش کئے جانے کے بعد ٹیم لیڈر (کنسلٹنٹ)محمد اعظم چودھری نے ٹیکنیکل بریفنگ دی۔ بعد ازاں وفد نے زیر تعمیر نیو خانکی بیراج (سائٹ) کا دورہ کیا ۔ڈیسکون انجینئرنگ کے پراجیکٹ انجینئر محمد انیس شیخ نے وفد کو بیراج کے مختلف حصوں کے بارے میں تکنیکی معلومات فراہم کیں۔

وفد کے ارکان نے ٹیکنیکل بریفنگ اور بیراج پر جاری تعمیراتی کاموں میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ انہوں نے بیراج کے ڈیزائن اور تعمیراتی مہارتوں کے بارے میں سوالات پوچھے۔پراجیکٹ انتظامیہ اور کنسلٹنٹس نے سوالوں کے جامع جوابات دیے۔ انہوں نے ڈیزائن اور تعمیراتی مراحل کے دوران پیش آنے والی عملی مشکلات سے بھی وفدکو آگاہ کیا اور ان مشکلات کے حل کے لئے اپنائی جانے والی مہارتوں کے بارے میں بھی بتایا۔

آخر میں ڈاکٹر اظہار الحق نے مطالعاتی دورہ کے نتیجہ میں حاصل ہونے والے علم اور مہارتوں کو سراہتے ہوئے محکمہ کے افسران، کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹرز کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے انجینئرنگ کانگریس وفد کے لئے اس قدر معلوماتی دورہ کا اہتمام کیا۔واضح رہے کہ محکمہ آبپاشی حکومت پنجاب، ایشیائی ترقیاتی بنک کی مالی معاونت سے نیو خانکی بیراج کے تعمیراتی منصوبہ پر عملدرآمد کرا رہا ہے منصوبہ پر کام کا آغاز2013 میں شروع ہوا اور 2017 میں پایہ تکمیل کو پہنچے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں