16رکنی اعلیٰ سطحی تجارتی وفد کل آسٹریلیا کے 13روزہ دورے پر روانہ ہو گا

منگل 3 مارچ 2015 16:18

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03مارچ۔2015ء) 16رکنی اعلیٰ سطحی تجارتی وفد کل ( بدھ ) کو آسٹریلیا کے 13روزہ دورے پر روانہ ہو گا جس کا مقصد پاکستان اور آسٹریلیا کے تجارتی و معاشی تعلقات مزید بہتر خطوط پر استوار کرنا اور پاکستان میں آسٹریلین سرمایہ کاری کی راہ ہموار کرنا ہے۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر عرفان قیصر شیخ وفد کی سربراہی کریں گے جبکہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر سید محمود غزنوی وفد کے نائب سربراہ ہونگے۔

اس اعلیٰ سطحی تجارتی وفد میں توانائی، لیدر، پیکیجنگ، پلاسٹک، زراعت اور دیگر شعبوں سے تعلقات رکھنے والے تجربہ کار تاجر شامل ہیں جو اپنے اپنے شعبوں میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کے لیے کام کریں گے۔

(جاری ہے)

آسٹریلیا کے دورے کے دوران وفد آسٹریلین تاجروں اور سرکاری عہدیداروں کے ساتھ اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کرے گا اور چیمبر ز آف کامرس اینڈ انڈسٹری و تجارتی تنظیموں کے دفاتر کا دورہ بھی کرے گا۔

لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر سید محمود غزنوی نے امید ظاہر کی کہ تجارتی وفد کا دورہ آسٹریلیا بہت دور رس نتائج کا حامل ہوگا اور اس سے نہ صرف پاکستان اور آسٹریلین تاجر ایک دوسرے کے نزدیک آئیں گے بلکہ مشترکہ منصوبہ سازی کی راہ بھی ہموار ہوگی۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں