پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک لیبر یونین کاواپڈا کی مجوزہ نجکاری کے فیصلے کیخلاف ملک بھر میں احتجاج ،دھرنے دئیے گئے،

لاہور میں پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ، سیون کلب پر دھرنا دے کر احتجاج ریکارڈ کرایا گیا،ٹریفک کا نظام معطل، 24مارچ کو مذاکرات کامیاب نہ ہوئے تو پھر دمادم مست قلندر ہوگا ،ملک بھر میں بجلی بند کر دینگے‘ سیکرٹری جنرل خورشید احمد

منگل 3 مارچ 2015 21:18

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03مارچ۔2015ء) پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک لیبر یونین نے واپڈا کی مجوزہ نجکاری کے فیصلے کیخلاف لاہور سمیت ملک بھر میں دفاتر میں کام بند کر کے احتجاج کیا اور دھرنے دئیے جبکہ یونین کے سیکرٹری جنرل خورشید احمد نے کہا ہے کہ اگر 24مارچ کو مذاکرات کامیاب نہ ہوئے تو پھر دمادم مست قلندر ہوگا اور ملک بھر میں بجلی بند کر دیں گے ۔

واپڈا ملازمین نے واپڈا کی مجوزہ نجکاری کے فیصلے کے خلاف دفاتر میں کام بند کر کے مختلف مقامات پر احتجاج کرتے ہوئے دھرنے دئیے ۔ صوبائی دارالحکومت میں واپڈا ملازمین نے پہلے لاہور پریس کلب کے سامنے جمع ہو کر احتجاج کیا اور اپنے مطالبات کے حق میں نعرے لگائے ۔ واپڈا ملازمین کے احتجاج کے باعث ٹریفک کا نظام معطل ہوگیا ۔

(جاری ہے)

بعد ازاں واپڈا ملازمین ریلی کی صورت میں سیون کلب کے باہر پہنچ گئے اور دھرنا دیا جس سے مال روڈ پر ٹریفک کا نظام جام ہو گیا اور گاڑیوں کی میلوں لمبی قطاریں لگ گئیں ۔

اس موقع پر مظاہرین واپڈا کی مجوزہ نجکاری کے فیصلے کیخلاف نعرے لگاتے رہے ۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے یونین کے سیکرٹری جنرل خورشید احمد نے کہا کہ اگر اشرافیہ نیک نیتی سے ٹیکسوں کی ادائیگی شروع کر دے تو کسی ادارے کی نجکاری کی ضرورت نہیں۔ دنیا کے مختلف ممالک میں اداروں کی نجکاری کے فیصلے کئے گئے لیکن انہیں واپس لے لیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ بینک کی ایما پر غریبوں سے روزگار چھیننے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے لیکن ہم بتانا چاہتے ہیں کہ ایسے کسی فیصلے کو قبول نہیں کیا جائیگا اور واپڈا کے ایک لاکھ 20ہزار کارکن سڑکوں پر نکل آئیں گے۔

انہوں نے شرکاء سے وعدہ لیا کہ اگر کہوں تو ملک کی بجلی بند کر دوں گاجس پر شرکاء نے ہاتھ کھڑے کر کے ہاں میں جواب دیا ۔ خورشید احمد نے کہا کہ آج اور کل ( بدھ اور جمعرات) کو بھی دفاتر میں کام بند کرکے اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں گے ۔24مارچ کو بات چیت کریں گے اگر مذاکرات کامیاب نہ ہوئے تو پھر دمادم مست قلندر ہوگا اور پورے ملک کی بجلی بند کر دیں گے ۔لاہور کے علاوہ ملک کے دیگر مقامات پر بھی واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک لیبر یونین کی کال پر احتجاج اور دھرنے دئیے گئے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں