الیکشن ٹریبونل نے عمران خان کی ووٹوں کی تصدیق نادرا سے کرانے کی استدعاء منظور کر لی

بدھ 4 مارچ 2015 15:13

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04مارچ۔2015ء) الیکشن ٹریبونل نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی درخواست کو منظور کرتے ہوئے این اے122 اور پی پی147 کے ووٹوں کی تصدیق نادرا سے کرانے کا حکم دیتے ہوئے ایک ماہ کے اندر رپورٹ الیکشن ٹریبونل میں جمع کرانے کی ہدایت کر دی ہے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعرات کے روز الیکشن ٹریبونل میں این اے 122 میں مبینہ دھاندلی کے حوالے سے جسٹس کاظم ملک کی سربراہی میں کیس کی سماعت ہوئی ۔

اس موقع پر عمران خان اور سپیکر ایاز صادق کے وکلاء بھی موجود تھے۔الیکشن ٹریبونل کے جج جسٹس کاظم ملک نے عمران خان کی این اے 122 اور پی پی147 میں میں ووٹروں کی تصدیق نادرا سے کرانے کی درخواست کو منظور کرتے ہوئے نادرا حکام کو حکم دیا ہے کہ بیلٹ پیپرز ،سامان ،کاؤنٹر فائلز اور ووٹرز کے انگھوٹھوں کے نشانات کی تصدیق کرے اور ایک ماہ کے اندر رپورٹ الیکشن ٹریبونل میں جمع کرائی جائے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر الیکشن ٹریبونل کے باہر بڑی تعداد میں مسلم لیگ (ن) کے کارکن موجود تھے اور تحریک انصاف کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے رہے ۔واضح رہے کہ عام انتخابات میں این اے 122 میں سپیکر ایاز صادق جبکہ 147 سے ن لیگ کے محسن لطیف کامیاب ہوئے تھے ۔عمران خان نے ان دونوں حلقوں میں مبینہ دھاندلی کے حوالے سے الیکشن ٹریبونل میں درخواست دائر کررکھی ہے ،اس سے قبل الیکشن ٹریبونل نے ایک لوکل کمیشن تشکیل دیا تھا جس میں ان دونوں حلقوں میں دھاندلی کا کوئی ثبوت نہیں ملا ۔

جس کے بعد عمران خان نے این اے 122 اورپی پی147 کے ووٹوں کا ریکارڈ کی تصدیق نادرا سے کرانے کی درخواست دائر کی ۔جس پر الیکشن ٹریبونل نے عمران خان اور سپیکر ایاز صادق کے وکلاء دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا تھا ۔جو گزشتہ روز الیکشن ٹریبونل نے عمران خان کی درخواست کو منظور کرتے ہوئے نادرا کو حکم دیا کہ این اے 122 اور پی پی 147 کے ووٹروں کی تصدیق کی جائے اور ایک ماہ کے اندر رپورٹ الیکشن ٹریبونل میں جمع کرائی جائے ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں