لینڈایکوزیشن ایکٹ1894کا قانون ختم کیا جائے،خدیجہ فاروقی کی پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع

بدھ 4 مارچ 2015 17:33

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04مارچ۔2015ء) مسلم لیگ ق کی رکن صوبائی اسمبلی خدیجہ عمرفاروقی صدر پاکستان مسلم لیگ شعبہ خواتین پنجاب نے لینڈ ایکوزین ایکٹ1894کو ختم اور اس حوالے سے از سر نو قانون سازی کرنے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروادی ہے ۔قرارداد جمع کروانے کے بعد انہوں نے پنجاب اسمبلی کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوآباد یاتی نظام کے صدیوں پرانے قانون کے تحت پنجاب حکومت شہریوں سے قیمتی اراضی چھین رہی ہے ،ترقیاتی منصوبوں کے نام پر عوام اور خزانے کو لوٹا جارہا ہے خدیجہ فاروقی نے کہا کہ اسمبلی کا ایوان آزادی اظہار رائے کے خلاف استعمال نہیں ہونا چاہیئے، رکن اسمبلی جاوید اختر سینئر صحافی روؤف کلاسرا کے خلاف جمع کروائی گئی تحریک واپس لیں اس بات میں کوئی شبہ نہیں کہ سینٹ الیکشن میں خریدوفروخت کے افسوسناک ریکار ڈ قائم ہوئے ۔

(جاری ہے)

تمام جماعتوں نے سینٹ الیکشن میں خریدوفروخت پر افسوس کا اظہار کیا اور 22ویں آئینی ترمیم لانے کا اعلان کیا۔رؤوف کلاسرا نے جنرل رائے دی کہ سینٹ الیکشن میں خریدوفروخت ہورہی ہے کسی ایک رکن اسمبلی کا پیسے لینے کے حوالے سے ذکر نہیں کیا ۔انہوں نے کہا کہ پہلے بھی پنجاب اسمبلی کا یہی ایوان ایک قرارداد کے ذریعے آزادی اظہار رائے کا گلا گھونٹنے کیلئے استعمال کیا گیا اور پھر شدید احتجاج کے ردعمل میں پنجاب حکومت کو وہ قرارداد واپس لینا پڑی ۔انہوں نے کہا کہ ق لیگ آزادی اظہار رائے کے خلاف پنجاب اسمبلی میں کسی کارروائی کا حصہ نہیں بنے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں