ملک کی معاشی و اقتصادی ترقی میں کاروباری برادری کا کردار سب سے زیادہ اہمیت کا حامل ہے ‘ خواجہ ندیم سعید وائیں

جمعہ 6 مارچ 2015 14:39

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06مارچ۔2015ء آل پاکستان پیپر مرچنٹس ایسوسی ایشن کے رہنما خواجہ ندیم سعید وائیں نے کہا ہے کہ کاروباری برادری ملکی معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی ہے اور ملک کی معاشی و اقتصادی ترقی میں اس کا کردار سب سے زیادہ اہمیت کا حامل ہے لہٰذا اس کے خلاف بڑھتے ہوئے جرائم پر قابو پانے کے لیے سخت اقدامات اٹھانا ہونگے۔ اس مقصد کے لیے تاجر برادری حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے ہر ممکن تعاون کرنے کو تیار ہے۔

ان خیالات کا اظہار خواجہ ندیم سعید وائیں نے تاجروں اور پولیس کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ آپما کے رہنما خامس سعید بٹ، زاہد مقصود بٹ، ایس ایچ او ملک راحیل امجد، ایس ایچ او ریحان ضیاء، ایس ایچ او رانا رضوان، ایس ایچ او محمد مجاہد اور تاجروں کی ایک بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔

(جاری ہے)

خواجہ ندیم سعید وائیں نے کہا کہ اغوا برائے تاوان، چوریوں، ڈکیتیوں اور بھتہ خوری کے واقعات کا سب سے زیادہ نشانہ کاروباری برادری بن رہی ہے ، اگر اسے اسی طرح ہراساں کیا جاتا رہا تو ملک کی اقتصادی ترقی بْری طرح متاثر ہوگی۔

خواجہ ندیم سعید وائیں نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے کاروباری محکمہ پولیس کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیا رہے، انہوں نے کہا کہ تاجروں کا تحفظ یقینی بناکر شہر میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف پر زور دیا کہ محکمہ پولیس کے وسائل میں اضافہ کریں اور اسے سیاسی اثر و رسوخ سے پاک ادارہ بنائیں تاکہ یہ زیادہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرسکے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں