لاہور ہائیکورٹ،وزیر اعظم کیخلاف آئین کے آرٹیکل 6کے تحت کارروائی کیلئے دائر انٹرا کورٹ اپیل باضابطہ سماعت کیلئے منظور

جمعہ 6 مارچ 2015 20:11

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔6 مارچ۔2015ء) لاہور ہائیکورٹ نے وزیر اعظم کیخلاف آئین کے آرٹیکل 6کے تحت کارروائی کیلئے دائر انٹرا کورٹ اپیل کو باضابطہ سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے 20مئی کو جواب طلب کر لیا۔گزشتہ روزلاہور ہائیکورٹ کے جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے انٹرا کورٹ اپیل کے قابل سماعت ہونے سے متعلق فیصلہ سنایا۔

درخواست گزار سید اقتدار حیدر نے عدالت کے روبروموقف اختیار کر رکھا تھا کہ وزیر اعظم نے اپنی بیٹی مریم نواز کو میرٹ کے برعکس یوتھ لون سکیم کی چیئرپرسن کے عہدے پر تعینات کیا،عدالتی حکم پر مریم نواز کو یہ عہدہ چھوڑنا پڑا۔ مریم نواز کا شناختی کارڈ پر نام مریم صفدر ہے جبکہ یوتھ لون سکیم کی چیئرپرسن کے عہدے کیلئے غلط طور پر مریم نواز کا نوٹیفیکیشن جاری کیا گیا۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے اپنے عہدے کا غلط استعمال کرتے ہوئے حلف کی پاسداری نہیں کی لہٰذااوزیر اعظم وزیر اعظم کیخلاف آئین کے آرٹیکل 6کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔عدالت نے انٹرا کورٹ اپیل کے قابل سماعت ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔گزشتہ روز فاضل بنچ نے انٹرا کورٹ اپیل کے قابل سماعت ہونے سے متعلق فیصلہ سناتے ہوئے درخواست کو باضابطہ سماعت کیلئے منظور کر تے ہوئے وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 20مئی کو جواب طلب کر لیا ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں