مستحق خواتین کی شادی گرانٹ اور گزارہ الاؤنس کی امدادی رقم کو دوگنا کرنے کا اعلان

ہفتہ 7 مارچ 2015 16:32

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07مارچ۔2015ء) صوبائی وزیر زکوة و عشر ملک ندیم کامران نے خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے مستحق خواتین کے لئے شادی گرانٹ اور امدادی رقم کو دو گنا کرنے کا اعلان کر تے ہوئے کہا ہے کہ خواتین کے معاشی اور سماجی مسائل حل کر کے بھی ملک کو ترقی کے راستے پر گامزن کیاجا سکتا ہے۔انہوں نے یہ اعلان یہاں خواتین کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ ایک خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر سیکرٹری زکوة و عشر حبیب الرحمن گیلانی، ایڈ منسٹریٹر زکوة پنجاب محمد یوسف بٹ کے علاوہ خواتین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب حکومت خواتین کی معاشی حالت کو بہتر بنانے اور انہیں مختلف ہنر سیکھا کر ان کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کی پالیسی پر گامزن ہے۔

(جاری ہے)

ملک ندیم کامران نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مستحق بچیوں کی شادی گرانٹ کو 10ہزار سے بڑھا کر 20 ہزار روپے جبکہ گزارہ الاؤنس کی مد میں نادار بیوہ خواتین کی امداد میں بھی اضافہ کرتے ہوئے اسے فوری طور پر 500 روپے سے بڑھا کر 1000 روپے ماہانہ کرنے کا اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ زکوة فنڈز سے چلنے والے فنی تربیتی اداروں میں ایک تہائی نشستیں خواتین کے لئے مختص کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان اداروں سے تربیت حاصل کرنے والی خواتین کو ذاتی کاروبار کے لئے ترجیحی بنیادوں پر امدادی رقم فراہم کی جائے گی تا کہ وہ نہ صرف بہتر طریقے سے اپنی اور اپنے خاندان کی کفالت کرنے کے قابل بن سکیں بلکہ ملکی ترقی میں بھی اپنا حصہ ڈال سکیں۔

صوبائی وزیرنے مزید کہا کہ صوبہ بھر کی تمام ضلعی و مقامی زکوة کمیٹیوں میں خواتین ارکان کے تناسب میں اضافہ کرتے ہوئے اسے بڑھا کر 33 فیصد کر دیا گیا ہے تا کہ وہ فیصلہ سازی کے عمل میں اپنا حصہ ڈال سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ زکوة کے تحت تقریبا 50 ہزار سے زائد خواتین مختلف زکوة کمیٹیوں میں بطور رکن رضاکارانہ طور پر خدمات سرانجام دے رہی ہیں۔انہوں نے موقع پر موجود حکام کو ہسپتالوں میں زکوة فنڈ ز سے علاج معالجہ کے لئے آنے والی مستحق خواتین مریضوں کو ہر ممکن سہولیات مہیا کرنے اور ان کی رہنمائی کے لئے الگ سے کاؤنٹر بنانے کی بھی ہدایت کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں