سراج الحق کا سینیٹر منتخب ہونا خوش آئند ہے،جماعت اسلامی غریب عوام کی آوازسینیٹ میں اٹھائے گی،برسوں سے مٹھی بھر عناصر ملک کے سیاہ وسفید کے مالک بنے بیٹھے ہیں،سینیٹ الیکشن میںآ ئندہ ہارس ٹریڈنگ کوروکنا ہوگا،

امیر جماعت اسلامی پنجاب و پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر سید وسیم اختراور نذیر احمد کا مشترکہ بیان

ہفتہ 7 مارچ 2015 17:40

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07مارچ۔2015ء ) امیر جماعت اسلامی پنجاب و پارلیمانی لیڈر صوبائی اسمبلی ڈاکٹر سید وسیم اختراور سیکرٹری جنرل نذیر احمد جنجوعہ نے ہفتہ کو اپنے مشترکہ بیان میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق اور سینیٹ کے دیگر نومنتخب ارکان کومبارک باد دیتے ہوئے کہاہے کہ انشاء اللہ اس سے پاکستان میں جمہوریت مضبوط اورمستحکم ہوگی۔

انہوں نے کہاہے کہ سراج الحق جیسے درویش ،دیانتداراور قومی رہنما کابطور سینیٹر منتخب ہوناخوش آئندامر ہے۔جماعت اسلامی مظلوم اور غریب عوام کی آوازسینیٹ میں بھرپورانداز میں اٹھائے گی۔جماعت اسلامی کے کئی نمائندے مختلف ادوارمیں ایم این ایز،ایم پی ایز اور سینیٹرزرہ چکے ہیں کسی ایک پر بھی کرپشن،پلاٹوں کی سیاست یا اختیارات کے ناجائز استعمال کا الزام نہیں لگا۔

(جاری ہے)

پاکستان میں صرف اور صرف جماعت اسلامی واحد دینی وسیاسی جماعت ہے جس کی قیادت خاندانی نہیں اور اس میں موروثیت نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی ملک کو دیانتدار،باکردار اور بے لوث قیادت فراہم کرسکتی ہے۔انشاء اللہ پاکستان میں جلد اسلامی شرعی نظام نافذ ہوگا۔عوام ملک کواسلامی اور خوشحال پاکستان بنانے کے لئے جماعت اسلامی کاساتھ دیں۔

اللہ اور اس کے رسول کے بتائے ہوئے راستے پر چل کر ہی ہم دنیا وآخرت میں کامیاب ہوسکتے ہیں۔جماعت اسلامی پنجاب کے رہنماؤں نے مزیدکہاکہ جماعت اسلامی پاکستان میں حقیقی تبدیلی چاہتی ہے۔67برسوں سے مٹھی بھر عناصر ملک کے سیاہ وسفید کے مالک بنے بیٹھے ہیں۔انہوں نے کہاکہ سینیٹ انتخابات میں روپے پیسے کے استعمال کوآئندہ روکناہوگاوگرنہ سارانتخابی عمل ایک سنگین مذاق بن جائے گا۔

میرٹ کا استحصال روش بن چکا ہے۔غریب اور ضرورت مندوں کوان کا حق نہیں ملتا جبکہ امیراور مراعات یافتہ طبقے کو توقع سے بھی زیادہ ملتاہے۔وزیراعظم نوازشریف سیاست سے روپے پیسے کااستعمال ختم کرنے کے لئے سنجیدگی سے اقدامات کریں تاکہ عوام الناس کے حقیقی نمائندے زیادہ سے زیادہ ایوانوں میں پہنچ سکیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں