چھوٹے تاجروں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کی بجائے بڑے مگرمچھوں پر ہاتھ ڈالا جائے ‘ شہزاد خان

منگل 10 مارچ 2015 13:50

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10مارچ۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ (ق) تاجر ونگ پنجاب کے جوائنٹ سیکرٹری شہزاد خان نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے ٹیکس نیٹ ورک میں اضافہ کیلئے چھوٹے تاجروں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کیلئے اقدامات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت چھوٹے تاجروں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کی بجائے بڑے مگرمچھوں پر ہاتھ ڈالے کیونکہ حکومتی اہلکاروں کی نااہلی اور ملی بھگت کے باعث ٹیکس دہندگان کی تعداد میں لاکھوں کی کمی واقع ہورہی ہے ۔

شہزا د خان نے کہا کہ تاجر برادری پہلے ہی ایمانداری سے اپنا ٹیکس ادا کر رہی ہے انہیں ان کے بنک اکاؤنٹس تک رسائی جیسے قوانین استعمال کرکے ہراساں نہ کیا جائے ۔حکومت بڑے صنعتکاروں پر ٹیکس لگانے سے گریزاں ہے اور چھوٹے تاجروں سے سیلز ٹیکس اور انکم ٹیکس کی مد میں اربوں روپے ٹیکس وصول کیا جارہا ہے ۔

(جاری ہے)

حکومت نے چھوٹے تاجروں کو ٹیکس وصولی کا ذریعہ بنالیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت آمدنی کے ذرائع بڑھانے کیلئے صرف اور صرف تاجروں پر ٹیکس لگانے کی بجائے دوسرے ذرائع استعمال کرے۔تاجر طبقہ پہلے ہی مہنگائی اور لوڈشیڈنگ سے پریشان ہے اسے مزید پریشان نہ کیا جائے۔حکومت بیرون ملک جائیداد خریدنے والے اور بیرون ملک بنک اکاؤنٹس رکھنے والے پاکستانیوں کو ٹیکس نیٹ ورک میں لائے نیز سوئس بنکوں میں اربوں ڈالر واپس لانے کی منصوبہ بندی کی جائے تاکہ حکومتی خزانہ بھر سکے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں