کم عمر کی بچیوں کی شادی کا معاملہ مذہبی سے زیادہ جاگیر دار اور وڈیرہ ازم کے ساتھ متصل ہے ، حافظ محمد طاہر محمود اشرفی،

بچیوں کو تعلیم سے محروم کرنا اور شادی کے لیے فضول رسمیں ور جہیز طلب کرنا اسلامی تعلیمات کے خلاف عمل ہے

منگل 10 مارچ 2015 23:33

لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار .10 مارچ 2015ء) جہیز اور شادی بیاہ کی تقریبات میں لڑکی کے خاندان پر مسلط کی جانے والی فضول رسموں اور بچیوں کو اسلام کے نام پر تعلیم سے محروم کرنے کے خلاف قانون سازی کے لیے اسلامی نظریاتی کونسل میں قراردادیں پیش کر دی ہیں۔ امید ہے آئندہ اجلاس میں اس بارے میں پیش رفت ہو گی۔ یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے مختلف کالجز اور یونیورسٹیوں کی طالبات اور معلمات کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل نے خواتین کے حقوق ، بچیوں کی تعلیم اور شادی کے لیے جہیز اور فضول رسموں کے خلاف جدوجہد شروع کر رکھی ہے ، بچیوں کو تعلیم سے محروم کرنا اور شادی کے لیے فضول رسمیں ور جہیز طلب کرنا اسلامی تعلیمات کے خلاف عمل ہے جس پر معاشرے کے تمام طبقات کو آواز بلند کرنی چاہیے۔

(جاری ہے)

حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ شریعت اسلامیہ نے خواتین کو مردوں سے زیادہ حقوق دیئے ہیں ۔

اسلام میں چار شادیوں کا معاملہ انصاف کے ساتھ مبنی ہے ۔ وہ لوگ جو ایک سے زیادہ شادیاں کر کے اپنی پہلی بیویوں اور بچوں کے حقوق کا خیال نہیں کرتے ایسے لوگوں کو سزا ملنی چاہیے ۔ پاکستان علماء کونسل گذشتہ ایک سال سے بیٹی رحمت ہے زحمت نہیں کے عنوان سے ایک ملک گیر مہم چلا رہی ہے اور پاکستان علماء کونسل کے زیر اہتمام بہت جلد معلمات اور طالبات کے لیے تربیتی نشستوں کا پروگرام تشکیل دیا جا رہا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کم عمر کی بچیوں کی شادی کا معاملہ مذہبی سے زیادہ جاگیر دار اور وڈیرہ ازم کے ساتھ متصل ہے۔ اسلام نے بچی کی شادی اس وقت کرنے کا حکم دیا ہے جب وہ بالغ ہو اور عقل و شعور رکھتی ہو۔ اس کو یہ ادراک ہو کہ اس نے ایک خاندان کو چھوڑ کر دوسرے خاندان میں جانا ہے اور اسے دونوں خاندانوں کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانا ہے ۔ اگر کوئی بچی بالغ ہو اور عقل و شعور نہ رکھتی ہو تو اس کے والدین کو چاہیے کہ اسے مکمل عقل و شعور اور تعلیم سے بہرہ مند ہونے تک اس کی شادی نہ کریں۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں